پی ڈی ایم کے جلسوں والے علاقوں میں کیسز کی شرح زیادہ ہے، شبلی فراز


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسوں والےعلاقوں میں کورونا کیسزکی شرح بہت زیادہ ہے۔

کسی بھی وزیر کے ذریعے لابی کا دباؤ قبول نہیں، وزیراعظم

ہم نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہرکے باعث آج کی کابینہ میٹنگ معمول سے مختلف تھی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر سے اسپتالوں پر بوجھ پڑ رہا ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کابینہ کو نیپرا کی سالانہ19-2020 رپورٹ پیش کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں کابینہ کوآگاہ کیا گیا کہ قابل تجدید توانائی کے حصول کے لیے کام جاری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ چھٹی مردم شماری رپورٹ حتمی منظوری کے لیے مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کرنے کی منظوری دی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سستی بجلی کی فراہمی کے لیے گردشی قرضوں کے معاملے پرتوجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے زرعی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں مارگلہ روڈ پر تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ کابینہ نے سی ڈی اے آرڈر 1960 میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔

ہم نیوز کے مطابق میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ای سی ایل سے متعلق ترمیم حتمی منظوری کے لیے کابینہ اجلاس میں پیش کی جائےگی۔

ڈھائی سال گزر گئے اب ہم ناتجربہ کاری کا بہانہ نہیں بنا سکتے،وزیراعظم

وفاقی وزیرسینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ مولانا شیرانی اورمولانا نصیب جے یوآئی کے اہم ترین لیڈرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا شیرانی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان خود سلیکٹڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ حکومت کے خلاف تحریک چلا رہے تھےان کے اپنے لوگ ان کے خلاف ہیں۔

سینیٹر شبلی فرازنے دعویٰ کیا کہ ان لوگوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا کے اپنے لوگوں نے ان کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والوں کی سیاست بے نقاب ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کرپشن بچانے کے لیےکسی حد تک بھی جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کی والدہ کہا کرتی تھیں کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹرشبلی فرازنے کہا کہ عمران خان کو پہلے کئی مواقع ملے لیکن وہ محنت اورجدوجہد کےذریعے یہاں تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو ورلڈ کپ جتوایا اور کینسر اسپتال بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا سیاست میں آنے سے قبل بھی ایک نام اورمقام تھا۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ساکھ بری طرح متاثرہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کرتے آئےہیں اورکررہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مولانا اورمریم سمیت یہ سارے لوگ خود کو قانون سے بالاترسمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تو آئے ہوئے صرف دو سال ہوئے ہیں، آج بھی اپنے وعدوں پرقائم ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملکی ایکسپورٹ دس کی بہترین سطح پر ہے۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ حکومت کامیاب ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا کوئی ذاتی کاروبارنہیں ہے اور ان کی پالیسیاں ملک کے لیے ہیں۔

اپوزیشن نے منی لانڈرنگ کو بطور جرم ہٹانے کی ترمیم پیش کی، شبلی فراز

ہم نیوز کے مطابق میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے استفسار کیا کہ کرپٹ اپوزیشن استعفے کی بات کیسے کرسکتی ہے؟


متعلقہ خبریں