کراچی فیکٹری دھماکہ: جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی


کراچی: نیو کراچی صنعتی ایریا کی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 10 گئی ہے جبکہ 25 افراد زخمی ہیں۔

بدھ کی صبح فیکٹری کا ملبہ اٹھانا کا کام دوبارہ شروع ہوا تو ایک اور لاش برآمد کی گئی۔ سی پی ایل سی حکام کے مطابق ایک اور جاں بحق شخص کی عبد الوحید کے نام سے شناخت ہوگئی جو بہاولپور کا رہنے والا تھا۔ ایک ہلاک شخص کی شناخت ہونا باقی ہے۔

بم ڈسپوزل کے ماہرین نے متاثرہ جگہ کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملبہ ہٹنے کے بعد اصل شواہد سامنے آئیں گے۔ حادثے کے مقام سے مٹی کے نمونے لےکر جامعہ کراچی کی لیبارٹری بھیجے جائیں گے۔

بم ڈسپوزل ٹیم نے اطراف کے فیکٹری مالکان کے بیانات بھی لیے۔ ایس پی گلبرگ اظہر مغل کے مطابق دھماکا یقینی طور پر غفلت کے باعث ہوا جس کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

میونسپل کمشنر سمیرا حسین کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد ایمونیا گیس کی بو پھیلی ہوئی تھی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے بھی متاثرہ مقام کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیکٹری مالکان کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال تفتیش ہورہی ہے۔ رپورٹ آنے پر لائحہ عمل طےکریں گے۔ جس کسی کی غفلت سامنے آئی ان سے خلاف کارروائی ہوگی۔

سی پی ایل سی حکام کے مطابق تین شدید زخمیوں کی شناخت کے لیے فنگر پرٹس لیے گئے ہیں۔ واقعے میں جاں بحق بیشتر افراد کی لاشیں ورثاء کے سپرد کی جاچکی ہیں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ فیکٹری آئس اینڈ کولڈ اسٹوریج فیکٹری ہے۔ دھماکے کے باعث فیکٹری منہدم ہو گئی ہے۔ دھماکے کے وقت متاثرہ فیکٹری میں 7 افراد کام کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے اطراف کی فیکٹریوں کو بھی نقصان پہنچا اور راہ گیر بھی زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب عباسی شہید اسپتال میں متاثرین اور ان کے لواحقین کی رہنمائی کیلئے ایمرجنسی ڈیسک قائم کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی میں دھماکہ، متعدد افراد زخمی

خیال رہے 5 دسمبر کو خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکے میں ایک بچہ جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق گھر میں گیس لیکج دھماکے سے بچہ جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے تھے جب کہ ایک کمرہ اور صحن بھی جل کر خاکستر ہو گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شادی کی تقریب میں گیس سلنڈر دھماکہ، 30 افراد زخمی

ہم نیوز کو ریسکیو ذرائع نے بتایا تھا کہ گیس لیکج کے باعث دھماکے سے گھر میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ زخمیوں میں ماں، باپ اور بچے شامل تھے۔ متاثرہ خاندان لاہور سے پشاور بطور مہمان آیا تھا۔

قبل ازیں صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں گھر میں سلنڈر دھماکہ ہوا تھا جس میں 5 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں خاتون اور 4 بچے شامل تھے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل کراچی میں دعا چوک کے قریب دو منزلہ گھرمیں گیس سلنڈر کا دھماکہ ہوا تھا جس سے 6 افراد زخمی اور ایک بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔ سلنڈردھماکے کے باعث عمارت کے ایک حصہ کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

سلنڈر دھماکے کے بعد زخمی ہونے والے افراد کو نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ زخمیوں میں ایک خاتون، ایک مرد اور ایک بچہ بھی شامل تھا۔

متاثرہ افراد کے چہرے اور جسم کے دیگر حصوں پر زخم آئے تھے اور تمام افراد جھلس کر زخمی ہوئے تھے۔

 


متعلقہ خبریں