ای سی سی آج کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری دے گی


اسلام آباد: وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) آج کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری دے گی۔ 

ای سی سی اجلاس میں مہمند اور دیامر بھاشا ڈیم کےلیے 50 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈ کے اجرا کی منظوری دیے جانے کا بھی امکان ہے۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ای سی سی اجلاس: الیکٹریکل وہیکل پالیسی منظور

وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت آج ہونے والے اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ کے لیے 50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دینے کا بھی امکان ہے۔

اجلاس میں وزارت بحری امور بی او ٹی کی بنیاد پر نئے ٹرمینلز بنانے کا معاملہ کمیٹی میں پیش کرے گی۔ جی آئی ڈی سی گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے لون کے  معاملہ پر غور کیا جائے گا۔

گزشتہ ہفتے ای سی سی کے اجلاس میں قومی الیکٹریکل وہیکل پالیسی کی منظوری دی گئی تھی۔

جاری اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے مقامی تیارکردہ موبائل فونز پرعائد 4 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کردیا۔

اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں نو تعمیر شدہ آئسولیشن اسپتال اور انفیکشنز ٹریٹمنٹ سینٹر کیلئے 21 کروڑ 93 لاکھ گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پاکستان کے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او) کیلئے کنٹری بیوشن کی مد میں30 کروڑ 54 لاکھ کی ضمنی گرانٹ کی منظوری  دی گئی اور اسلام آباد انتظامیہ کے منصوبوں کیلئے 10 کروڑ 67 لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔

مزید پڑھیں: قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی: 2030 تک 5 سے 10 لاکھ الیکٹرک گاڑیاں شاہراہوں پر لانے کا ہدف

جاری اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے قبائلی اضلاع کے متاثرین کیلئے70 کروڑ 68 لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ منظور کی۔ عالمی اداروں میں سالانہ کنٹری بیوشن کی مد میں 27 کروڑ 78 لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ منظور دے دی گئی۔


متعلقہ خبریں