عمران خان کی حکومت چلانے کی نہیں لیکن تابعداری کی پوری تیاری تھی،مریم نواز


مردان: پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کل خود اپنی نااہلی اور نالائقی کا اعتراف کیا۔ عمران خان کی حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی لیکن تابعداری کی پوری تیاری تھی۔

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ  عمران خان نے کہا کہ تیاری کے بغیر حکومت میں نہیں آنا چاہیے۔ عمران خان نےکہا کہ مجھے بٹھا تو دیا لیکن مجھے حکومت چلانے کا پتہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ  مردان والوں کو نواز شریف کا سلام پیش کرتی ہوں۔ شاندار استقبال پر آپ سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ مجھے پتہ ہے کہ آپ سب مہنگائی کے خلاف یہاں جمع ہیں۔

ن لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ آج لوگ آپ کی نااہلی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ ہمیں پہلے سے پتہ تھا کہ یہ نااہل اور نالائق ہے۔ حکومت میں آنے سے پہلے کہتے تھے کہ میرے پاس 200 بندوں کی زبردست ٹیم ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام اس نااہل حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے باہر نکلے ہیں۔ صحت کی سہولیات دینی کی تیاری نہیں تھی لیکن ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی تیاری تھی۔ پولیس اصلاحات کی کوئی تیاری نہیں تھی۔ سیاسی مخالفین کو بہنوں اور بیٹیوں کو جیل میں ڈالنے کی پوری تیاری تھی۔

انہوں نے کہا کہ ان کو اڑھائی سال بعد بھی حکومت چلانا نہیں آئی۔ حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی لیکن 122 ارب روپے کا ایل این جی چوری کی تیاری تھی۔ ایک کروڑ نوکری دینے کیلئے تیاری نہیں تھی لیکن اپنے دوستوں کو نوکری دینے کی تیاری تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ علیمہ خان کو این آر او دینےکی تمہاری پوری تیاری تھی۔ عمران خان نے 12 لاکھ  کے عوض 300 کنال کے گھر کو ریگولائز کرالیا۔ غریب کے مکان اور دکان تو گرادیتے ہو لیکن بنی گالہ 12 لاکھ دے کر قانونی کروا ڈالا۔

انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ میں پی ڈی ایم سے ڈرتا نہیں ہوں۔ پاکستان کے عوام نے تمہیں گھر بھیجنے کی تیاری کرلی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ تمہاری حکومت چلانےکی تیاری نہیں تھی لیکن تابعداری کی پوری تیاری تھی۔ بندہ اس لیے ایماندار ہے کہ بندے نے تابعداری پوری ایمانداری سے کی ہے۔ جب 400 استعفے آجائیں گے تو آپ کا وزیراعظم رہنا مشکل ہے۔

 


متعلقہ خبریں