برطانیہ میں کورونا کی تیسری شکل سامنے آ گئی


برطانیہ میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری شکل سامنے آ گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والی کورونا کی نئی قسم بھی برطانیہ منتقل ہو گئی ہے۔

اس حوالے سے برطانوی سیکریٹری صحت نے بتایا ہے کہ برطانیہ میں 2 افراد کورونا کی نئی شکل 501 وی ٹو سےمتاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ افراد نے جنوبی افریقہ کا سفر کیا تھا۔

برطانیہ کی مشکلات میں اضافہ، 40 سے زائد ممالک کی پروازیں بند

خیال رہے کہ  برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم دریافت ہونے کے بعد اب تک 40 سے زائد ممالک نے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پروازوں پر پابندی جیسے اقدامات سے برطانیہ کے لیے یورپی یونین سے خوراک اور ادویات جیسی ضروری اشیا کی ترسیل متاثر ہو گی۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا ہنگامی کمیٹی کے اجلاس میں کہنا تھا کہ وہ دوست ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ تجارتی راستوں کو بحال رکھا جائے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق نئی قسم کا وائرس جسے بی ون ون سیون کا نام دیا گیا ہے ڈنمارک، نیدرلینڈز، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں بھی پایا گیا ہے۔

کورونا وائرس سے براعظم انٹارکٹیکا بھی متاثر

برطانیہ میں وائرس کی نئی شکل بی ون ون سیون کے پھیلنے کے بعد چوتھا سخت ترین لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کے گھروں میں پابند ہونے کے بعد پورے برطانیہ میں ہر جانب ہو کا عالم ہے۔

برطانوی دارالحکومت لندن سمیت متعدد شہروں کی سڑکیں، ٹیوب اسٹیشنز، شاپس، گلیاں سنسان ہوگئی ہیں۔

برطانیہ میں ایمرجنسی لاک ڈاون سے قبل شہریوں کو محض 8 گھنٹے دئیے گئے تاکہ وہ کرسمس شاپنگ کو مکمل کرسکیں۔


متعلقہ خبریں