ڈینیل پرل قتل کیس:ملزمان کی نظر بندی کالعدم قرار


کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے  ڈینیل پرل قتل کیس میں نامزد ملزمان کی نظربندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا ہے۔

عدالت نے احمد عمر شیخ سمیت4 ملزمان کو فوری طورپر جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ احمد عمر شیخ سمیت تمام ملزمان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔ ملزمان بغیر کسی جرم کے 18 سال سے جیل میں ہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کو جب عدالت طلب کرے گی تو پیش ہوں۔

خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے 2 اپریل2020 کو امریکی صحافی کے قتل میں نامزد تین ملزمان کی رہائی کا حکم دیا تھا اور ایک ملزم احمد عمر شیخ کی سزائے موت کو 7 سال قید میں تبدیل کیا تھا۔

قبل ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مجرم احمد عمر شیخ کو سزائے موت سنائی تھی، جبکہ دیگر تین ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

حکومت سندھ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور عدالت عظمیٰ نے صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کر دی تھی تاہم ملزم عمر شیخ کی رہائی روک دی گئی تھی۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے رہائی روکنے سے متعلق اپنے حکم نامے میں مزید توسیع سے انکار کردیا تھا۔۔


متعلقہ خبریں