پشاور: آٹے کی قیمت میں ایک بار پر اضافہ



پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑھنے لگی ہے۔

پشاور میں 20 کلو کے آٹے کے تھیلا کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران 200 سے 250 روپے تک اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 1050 سے بڑھ کر 1250 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پرائیوٹ گندم مہنگا ہوگیا ہے اسی لیے آٹے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آٹا، چینی چوروں پر فرد جرم عائد کیوں نہیں ہوتی ؟ مریم اورنگزیب

خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں فروخت ہونے والا سرکاری آٹا بھی ناپید ہو چکا ہے۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا ہے کہ پشاور میں فروخت کیا جانے والا سرکاری آٹا خریدنے کے قابل ہی نہیں ہے اور اگر خریدنا چاہیں بھی تو بازار میں دستیاب نہیں ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز خیبر پختونخوا حکومت نے پہلی فوڈ سیکیورٹی پالیسی کا ڈرافٹ تیار کیا تھا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے فوڈ سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں پالیسی ڈرافٹ کی منظوری بھی دے دی۔ ڈرافٹ حتمی منظوری کے لے کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت اجلاس میں فوڈ سیکیورٹی پالیسی پر عملدرآمد کیلئے پلان کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس کو فوڈ سیکیورٹی پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ فوڈ سیکیورٹی پالیسی پر عملدرآمد کیلئے قلیل المدتی، وسط المدتی اور طویل المدتی پلان مرتب کیا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ قلیل المدتی پلان 2 سے 3 سالوں محیط ہوگی جس کا تخمینہ لاگت 56 ارب روپے ہے۔ وسط المدتی پلان 4 سے 7 سال پر محیط ہوگا، جس کا تخمینہ لاگت 109 ارب روپے ہے۔ طویل المدتی پلان 8 سے 10 سال پر محیط ہوگا جس کی لاگت 70 ارب روپے ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ میں ردوبدل ،فخر امام وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی مقرر

فوڈ سیکیورٹی سے متعلق پالیسی ڈرافٹ میں صوبے میں زرعی پیداوار کو بڑھانے کیلئے 19 مختلف اقدامات کی تجویز دی گئی ہے۔ پالیسی میں زرعی اجناس، لائیو اسٹاک، ماہی پروری، خوردنی تیل کے بیجوں اور دیگر پیداوار کو بڑھانے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں