نیا کورونا: حکومت کو برطانیہ سے پاکستان پہنچنے والے مسافروں کی تلاش


پشاور: نیا کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے باعث حکومت کو برطانیہ سے پاکستان پہنچنے والے مسافروں کی تلاش ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق ایک ہفتے کے دوران خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے 102 افراد برطانیہ سے پاکستان پہنچے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں کورونا کی تیسری شکل سامنے آ گئی

محکمہ صحت کی جانب سے ہدات کی گئی ہے کہ برطانیہ سے آنے والے افراد کوتلاش کرکے ان کے کورونا ٹیسٹ کروائے جائیں اور انہیں قرنطینہ کیا جائے۔

حالیہ دنوں میں مردان، ایبٹ آباد، سوات، نوشہرہ سمیت 12  اضلاع میں برطانیہ سے لوگ واپس آئے۔

وفاقی حکومت کی ہدایات پر خیبر پختونخوا حکومت نے برطانیہ سے پاکستان آنے والے 66 مسافروں ڈھونڈ بھی لیا ہے۔

نشاندہی کے بعد محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے برطانیہ سے پاکستان پہنچنے والے افارد کی تلاش کے لیے تمام ضلعی افسران کو متحرک کر دیا۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں پیدا ہونے والا نیا کورونا وائرس پھیلاوَ میں زیادہ خطرناک ہے۔ 

خیال رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم دریافت ہونے کے بعد اب تک 40 سے زائد ممالک نے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگا دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پروازوں پر پابندی جیسے اقدامات سے برطانیہ کے لیے یورپی یونین سے خوراک اور ادویات جیسی ضروری اشیا کی ترسیل متاثر ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا خصوصی طیارہ برطانیہ میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر پاکستان پہنچ گیا

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا ہنگامی کمیٹی کے اجلاس میں کہنا تھا کہ وہ دوست ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ تجارتی راستوں کو بحال رکھا جائے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق نئی قسم کا وائرس جسے بی ون ون سیون کا نام دیا گیا ہے ڈنمارک، نیدرلینڈز، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں بھی پایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں