پی آئی اے کو بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام واپس حاصل کروائیں گے، وزیراعظم

پی آئی اے کو بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام واپس حاصل کروائیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے قومی ایئرلائن کو قومی اثاثہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کو بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام واپس حاصل کروائیں گے۔

پی آئی اے کی تنظیم نو سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی ایئرلائن کا ماضی تابناک ہے۔ پی آئی اے کے آپریشنز کو منافع بخش بنانے کیلئے سروس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہوگا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سادگی مہم و ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے اجلاس کو پی آئی اے کی تنظیم نو کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی ایئر لائن کی مالی حالت میں بہتری لائی جاسکے گی۔

ڈاکٹرعشرت حسین نے اجلاس کو بتایا کہ پی آئی اے کے منافع بخش روٹ بڑھا کر بین الاقوامی خطوط پر سروس فراہم کی جا سکے گی۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے ملازمین کی تعداد آدھی، اسٹیل ملز کو لیز کرنے جارہے ہیں، عشرت حسین

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو ائیر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک نے وزیراعظم کو قومی ایئر لائن کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی اور ان اقدامات سے ادارے پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات سے  آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے پی آئی اے کی تنظیم نو کی حکمت عملی پر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورتی عمل مکمل کرنےکی ہدایت کردی۔

اجلاس میں وزیر ہوا بازی غلام سرور، سینیٹر نعمان وزیر خٹک اور سول ایوی ایشن کے حکام نے بھی شرکت کی۔


متعلقہ خبریں