فن کی دنیا پر راج کرنیوالی وہ شخصیات جو 2020 میں بچھڑ گئیں

فن کی دنیا پر راج کرنیوالی وہ شخصیات جو 2020 میں بچھڑ گئیں

فوٹو: فائل


زندگی اور موت ایسی حقیقتیں ہیں جنہیں انسان چاہ کر بھی نہیں بھلا سکتا، جانے والے چلے جاتے ہیں اور اپنوں کو عمر بھر کا روگ دے جاتے ہیں، 2020 میں فن کی دنیا پر راج کرنےوالی کئی گراں قدر شخصیات ہم سے بچھڑ گئیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: کورونا سے وفات پانے والے شخص کا اپنے اہلخانہ کے لیے آخری پیغام

2020  کا سورج ان گنت خوشیاں لے کر ابھرا لیکن بے رحم وقت نے کئی بیش قیمت ہیرے چھین لیے، کامیڈی کے بے تاج بادشاہ امان اللہ خان مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹيں بکھيرتے چھ مارچ کو داغ مفارقت دے گئے۔

سینکڑوں فلموں میں شاندار اداکاری کا مظاہرہ کرنیوالے اسد بخاری اپريل کے مہینے میں چل بسے۔

مشہور ڈرامہ گيسٹ ہاوس ميں ’مراد ويٹر‘ کا کردار نبھانے والے طارق ملک کورونا کا شکار ہوئے، اور 11 جون کو خالق حقیقی سے جا ملے۔

’دیکھتی آنکھوں، سنتے کانوں‘ کہنے والے پاکستان کے پہلے نيوز اينکر اور معروف گيم شو کے کمپيئر طارق عزیز 17 جون کو 84 برس کی عمر ميں آخری سلام کہہ گئے۔

درجنوں مشہور نعتيں پڑھنے والے 72 سالہ معروف نعت خواں محبوب احمد ہمدانی کینسر سے جنگ لڑتے لڑتے جہان فانی سے کوچ کر گئے۔

یہ بھی پڑھیں: جنید جمشید کو مداحوں سے بچھڑے 4 برس بیت گئے

160  سے زائد فلموں ميں اداکاری کے جوہر دکھانے والی لالی وڈ کی ’ہير‘ اداکارہ فردوس 16 دسمبر کو جہان فانی سے رخصت ہو گئيں، موت کے سفر پر جانیوالی یہ شخصیات تاریخ کے صفحوں میں ہمیشہ زندہ و جاوید رہیں گی۔


متعلقہ خبریں