ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی استعفے سے مکر گئے

ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی استعفے سے مکر گئے

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی لیڈر سردار اورنگزیب نلوٹھا اپنے ہی استعفے سے مکر گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سردار اورنگزیب اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کو بھیجے گئے استعفیٰ سے مکر گئے ہیں۔اس حوالے سے انہوں نے اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی سے رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سردار اورنگزیب نے خیبر پختونخوا اسمبلی کو بھیجے گئے استعفیٰ سے لاتعلقی ظاہر کردی ہے۔ انہوں نے آج صبح اپنا استعفیٰ اسپیکر صوبائی اسمبلی کو بھیجا تھا۔

دوسری جانب اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ استعفیٰ اسپیکر آفس کو بذریعہ ڈاک ملا جس کا ریکارڈ موجود ہے۔ سردار اورنگزیب کے دستخط کی تصدیق کرائی جائے گی۔

اسپیکر مشتاق غنی کے مطابق سردار اورنگزیب نلوٹھا کو ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے کہ وہ خود پیش ہوکر استعفیٰ کی تصدیق کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے 2 ارکان قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد کو استعفوں کی منظوری کے لیے طلب کرلیا تھا۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے مراسلہ جاری کردیا تھا۔

جاری مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ممبران اپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہوں۔اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے سے قبل دونوں ارکان سیکریٹریٹ کو بھی اپنی پیشی کی تاریخ سے آگاہ کریں۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم استعفیٰ،استعفیٰ کھیلے گی، دے گی نہیں: بابر اعوان

مراسلے کے مطابق جواب نہ دینے پر استعفے منظور تصور کیے جائیں گے۔ دونوں ن لیگی ارکان قومی اسمبلی نے 14 دسمبر کو اپنے سرکاری لیٹر پیڈ پر استعفے اسپیکر کو بھجوائے تھے۔

اس سے قبل اسپیکرپنجاب اسمبلی نے ن لیگی اراکین کے استعفے منظور نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

ہم نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا اسپیکر پنجاب اسمبلی کو6 ماہ تک استعفے منظور نہ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ 6 ماہ کے دوران اسپیکر مستعفی ہونے والے رکن کو طلب کرسکتے ہیں۔

ہم نیونے مطابق ارکان مستعفی ہونے کی وجوہات بیان کرنے کے پابند ہیں۔ ان سے پوچھا جائے گا کہ وہ استعفی ٰذاتی خواہش یا کسی کے دباوَ پر تو نہیں دے رہا۔

اسپیکر جب تک استعفے الیکشن کمیشن کو نہیں بھجواتے رکن مستعفی تصور نہیں کیا جائے گا۔ استعفے الیکشن کمیشن کو بھجوانے کے بعد نئے الیکشن کے شیڈول کا اعلان ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:ن لیگی اراکین اسمبلی کے استعفے  آنا شروع

ترجمان اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ابھی تک کسی بھی رکن کی جانب سے استعفیٰ نہیں ملا۔

خیال رہے کہ ن لیگ کی جانب سے رکن پنجاب اسمبلی عظمی بخاری، سمیع اللہ خان، صہیب احمد اور سیف الملوک کھوکھر نے اپنے استعفے بھجوائے ہیں۔

سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے ملتان کے صوبائی حلقے پی پی -211 سے منتخب رکن اسمبلی ہیں علی حیدر گیلانی نے بھی استعفیٰ اپنی قیادت کو بھجوا دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے مطابق پارٹی قیادت جب فیصلہ کرے گہ استعفے جمع کرا دیئے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں