لاہور کو صاف کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے


لاہور: لاہور شہر کی صفائی کے حوالے سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

لاہور کی صفائی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے نوٹس کے باوجود لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور لاہور سے کوڑا کرکٹ تاحال نہیں اٹھایا جا سکا۔

لاہور میں صفائی کمپنی کی جانب سے بھی دی گئی ڈیڈ لائن گزر گئی۔ شہر میں جا بجا گندگی کے ڈھیر اور بکھرا کوڑا کرکٹ نظر آ رہا ہے جس نے لاہور کی خوبصورتی کو گہنا کر رکھ دیا۔

جوہر ٹاؤن، شادمان، اقبال ٹاؤن، گلبرگ سمیت سب ہی علاقوں میں اب بھی کوڑے کے کنٹنیرز بھرے پڑے ہیں اور شہری کوڑا کرکٹ سے اٹھتے تعفن کے باعث سخت مشکل سے دوچار ہیں۔

شہر کی صفائی پر معمور ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز کہتے ہیں کہ شہر کی مکمل صفائی ستھرائی میں ابھی کچھ وقت مزید درکار ہو گا۔

دوسری جانب صفائی کمپنی کے مطابق شہر لاہور میں 17 ہزار ٹن کا بیک لاگ تھا جس میں سے 12 ہزار ٹن کوڑا کرکٹ اٹھایا جاچکا ہے۔

اربوں روپے کے بجٹ اور تمام تر دعوؤں اور باتوں کے باوجود شہر کی صفائی کا کام مکمل نہ ہونا صفائی کمپنی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔


متعلقہ خبریں