عدالت کا حکومت کو اسلام آباد کیلئے لوکل گورنمنٹ فنڈ قائم کرنے کا حکم

پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی فیسوں میں 20 فیصد کمی، عدالت نے فیصلہ محوظ کرلیا

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے لیے لوکل گورنمنٹ فنڈ قائم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اس حوالے سے عدالت نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے درمیان پراپرٹی ٹیکس تنازع سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔

عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ایم سی آئی ٹیکس وصولی کے بعد بجلی، پانی ، گیس اور سڑک جیسی سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ دار ہو گی۔ اس حوالے سے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کا سی ڈی اے یا حکومت پر انحصار ختم کرنے کیلئے لوکل گورنمنٹ فنڈ قائم کیا جائے۔

مزید پڑھیں: سی ڈی اے ماسٹر پلان 40-2020 سامنے آگیا

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے پراپرٹی ٹیکس، فیس کی مد میں حاصل رقوم اور جرمانے لوکل گورنمنٹ فنڈ میں ہی جمع ہوں گے۔ وفاقی حکومت تمام یونین کونسلز کو اپنے علاقوں میں دفاتر کی تعمیر کے لیے ضروری فنڈز بھی مہیا کرے۔

عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ سی ڈی اے کی جانب سے 2015 کے بعد وصول کیا گیا پراپرٹی ٹیکس بھی لوکل گورنمنٹ فنڈ میں منتقل کیا جائے۔ سی ڈی اے کی جانب سے وصول ٹیکس کا درست تخمینہ لگانے کے لیے آڈیٹر جنرل خصوصی آڈٹ کریں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایم سی آئی 6 روز کے اندر نیا ٹیکس پروپوزل تیار کر کے اخبار میں اشتہار جاری کرے۔ نئے پروپوزل پر عوامی اعتراضات سننے کے بعد ٹیکس کا تعین کیا جائے۔


متعلقہ خبریں