کراچی: گیس پریشر میں کمی، معمولات زندگی بری طرح متاثر

Gas

کراچی: آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے اکثرعلاقوں  میں گیس پریشر میں کمی سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کا بحران شدت اختیار کرنے کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ گیس پریشر میں کمی کے باعث ناظم آباد، شادمان ٹاؤن، کورنگی، اورنگی ٹاؤن،اولڈ سٹی ایریا، سائٹ اور ملیر کےعلاقے میں گھریلوصارفین مختلف مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہری عمران اور شفیق کا کہنا تھا کہ گھروں میں گیس نہیں آرہی ہے جس کی وجہ سے گھروں پر ناشتہ، دوپہر اور رات کے کھانے کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔ باہر سے جو چیزیں خرید کر لاتے ہیں وہ معیاری نہیں ہوتی ہیں۔

شفیق کا کہنا تھا کہ جب آفس سے جاؤ تو گھر میں کھانا نہیں پکتا ہے، گھر پر اب چائے بھی نہیں ملتی ہے۔

شہر قائد کےعلاقے پنجاب کالونی، گلشن حدید اور شاہراہ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں گیس پریشرمیں کمی اور لوڈشیڈنگ کی شکایات عام ہونے کے باعث امورخانہ داری سے وابسطہ خواتین بھی پریشانی میں مبتلا ہیں۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کی شہری نجمہ نے کہا کہ متعلقہ ادارے رات بارہ بجے گیس بند کردیتے ہیں اور صبح آٹھ بجے تک گیس نہیں ہوتی ہے۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کی شہری مریم بی بی کا کہنا تھا کہ شہری بجلی کے بل الگ بھریں اور سلینڈر میں الگ بھریں یہ کہا کا انصاف ہے۔ایک چولہے پر بندہ کتنا کھانا بنائے، بچوں کو اسٹیم بھی دینی ہوتی ہے۔

گیس بحران کے دوران شہر میں سی این جی اسٹیشن تو کھلے ہیں لیکن پریشر میں کمی کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ  مراد علی شاہ نے گیس کی غیر منصفانہ تقسیم کا مسئلہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھانےکا کہا تھا تاہم اس حوالے سے بھی کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔


متعلقہ خبریں