اصل فساد کی جڑ مولانا فضل الرحمان ہیں، شیخ رشید



اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اس وقت اصل فساد کی جڑ مولانا فضل الرحمان ہیں، اسلام کی بات کرنے والے اسلام آباد کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بریکنگ پوائنٹ ود مالک‘ میں انہوں نے کہا کہ سیاست کے بند گلی میں جانے سے اپوزیشن کا نقصان ہو گا، سیاست کا فیصلہ آئندہ 90 دنوں میں ہو جائے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ  اپوزیشن سینیٹ اور ضمنی الیکشن میں حصہ لے گی۔ ساری اپوزیشن استعفوں کے حق میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لانگ مارچ کرے گی۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت نے حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے۔ اگلے ہفتے عمران خان کے ساتھ مل کر وزارت داخلہ بھی حکمت عملی تیار کر لے گی۔ 

شیخ رشید نے کہا کہ مسلم لیگی سمجھ دار ہیں، ان کو پتہ ہے ٹائپ شدہ استعفیٰ قبول نہیں ہوتا، پی ٹی آئی والوں نے بھی جب استعفے دیئے تو 4 لوگوں نے نہیں دیئے تھے، اسپیکر نے جب پی ٹی آئی والوں کو تصدیق کیلئے بلایا تو آدھے لوگ نہیں گئے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن والوں کو بتانا چاہتے ہیں جو آپ کرو گے وہ ہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے بلاول بھٹو نے بھی ملاقات کی ہے، ان کا کیس بہت سیریس ہے، اگر نیب نے صحیح طریقے سے کیس پیش کیا تو شہباز شریف کی سیاست ختم ہے۔

منی لانڈرنگ ریفرنس: شہباز شریف فیملی، دیگر ملزمان کی جائیداد قرق کرنے کی رپورٹ عدالت جمع

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان چینی نظام کی سوچ رکھتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ نوازشریف غلط کھیل چکے ہیں، میں نے نوازشریف کے باہر جانے کے حق میں ووٹ دیا، یہ چاہتے ہیں کہ ان کی سیاست بیٹی کو منتقل ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے سے کہا تھا کہ پارٹیوں میں سے پارٹی نکلےگی، جے یو آئی سے آغاز ہو گیا ہے۔

جے یو آئی سے نکالے جانے والے علماء مولانا فضل الرحمان کیخلاف متحرک

شیخ رشید نے کہا کہ  موجودہ حالات سے سب سے زیادہ فائدہ آصف زرداری اٹھانا چاہتے ہیں، جب بھی ٹکراؤ کی سیاست ہوئی ہے، آصف زرداری نے فائدہ اٹھایا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا سے کیسے نمٹنا ہے،جنوری کے مہینے میں اس کا فیصلہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں بات زیادہ نہیں بڑھنی چاہیے، درمیانی راستہ نکالنا ہو گا، ادارے کبھی بھی پاکستان کوعدم استحکام کی طرف نہیں جانے دیں گے۔


متعلقہ خبریں