صرف چند ارکان کے استعفے رہ گئے باقی میرے پاس پہنچ گئے، مریم نواز


سکھر: پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کےصرف چند استعفے رہ گئے ہیں باقی میرے پاس پہنچ گئے ہیں۔

سندھ کے ضلع سکھر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کسی نے شرارت سے ہمارے دو ارکان قومی اسمبلی کے استعفےاسپیکر کے پاس بھیج دیے ہیں۔ بھلےغلطی سے چلے گئے ہیں، اسپیکر بلائے تو کہنا یہ استعفے ہیں،قبول کریں۔ اسپیکر کو کہتی ہوں دونوں ن لیگی ارکان کو بلائیں اور استعفے منظور کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں لاہور سے 10 گھنٹے سفر کرکے سکھر پہنچی ہوں۔ کارکنوں نے مشکلات کے باجود نوازشریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ نوازشریف کا مقصد آگے بڑھانے پر کارکنوں کوسلام پیش کرتی ہوں۔ ملک کی ترقی کی بات ہوتی ہے تو نوازشریف کا نام آتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمیشہ نواز شریف دور میں معاشی ترقی ہوئی۔ جس موٹروے پر سفرکر کے آئی ہوں وہ نواز شریف نے بنائی۔ ملک میں ترقی کی ہر تختی پر صرف نوازشریف کا نام  لکھا ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: جعلی حکومت سے کسی صورت مذاکرات نہیں ہوں گے، مریم نواز

ن لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ اڑھائی سال حکومت کرنے کے بعد کہتے ہیں، ہمیں حکومت چلانی نہیں آتی۔ اگرآپ کی تیاری نہیں تھی تو 22 کروڑعوام کی قسمت کے ساتھ کھلواڑ کیوں کیا؟۔ حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی لیکن چوری کی پوری تیاری تھی۔ دوستوں کی جیبیں بھرنے کی آپ کی پوری تیاری تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ 80 روپے جب انڈے درجن تھے وہ چور تھے یا اب 300 روپے کرنے والے چور ہیں؟ جس کے دور میں 50 روپے کلو چینی تھی وہ چور تھے یا اب 120 روپے کلوکرنے والے چور ہیں؟

انہوں نے کہا کہ جو خود کو سونامی کہتا تھا وہ پہلے بدنامی اور اب گمنامی میں تبدیل ہوگا۔ نوازشریف نےعوام کےحق کیلئے اپنی 3 حکومتیں قربان کردیں۔ ہمیں آپ کو نکالنے کیلئے کسی کو کہنے کی ضرورت نہیں،آپ خود کو نکالنے کیلئے کافی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے پہلے دن کہا تھا کہ ہماری لڑائی عمران خان سے نہیں ہے۔ مریم نواز، پی ڈی ایم اور اپوزیشن کے پاس عوام کی طاقت ہے۔ اپنےدماغ سے غلط فہمی دور کرلو کہ آپ منتخب وزیراعظم ہیں۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا پی ٹی آئی والوں نے جب استعفے دیئے تو اسپیکر کو کہا ہم استعفے نہیں دینا چاہتے ہیں۔ اگر کسی نے نوازشریف کا ساتھ چھوڑا توکوئی ووٹ نہیں دے گا۔ پنجاب کے تمام ایم پی ایز کے استعفےمیرے پاس آچکے ہیں۔ اگلے الیکشن میں مسلم لیگ ن 2 تہائی اکثریت سے واپس آئے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ تمہارے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو بھی پتہ ہے حکومت جانے والی ہے۔ لوگ جانتے ہیں عمران خان جارہے ہیں،نوازشریف آرہے ہیں۔ قوم نےآپ کی تیاری دیکھ لی اب آپ قوم کی تیاری دیکھ لیں۔ پی ڈی ایم اب آپ کو گھر بھیج کردم لے گی۔


متعلقہ خبریں