جنوبی ایران میں زلزلے سے 31 افراد زخمی

جنوبی ایران میں زلزلے سے 31 افراد زخمی | urduhumnews.wpengine.com

تہران: ایران کے جنوبی پہاڑی علاقے میں بدھ کو آنے والے 5.2 شدت کے زلزلے میں 31 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلہ کے نتیجے میں ناصرف مواصلاتی خدمات میں تعطل پیدا ہوا ہے بلکہ بجلی فراہمی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

تہران سے تقریبا 700 کلو میٹر جنوب میں آنے والے زلزلہ نے سیساخت نامی قصبے کو نشانہ بنایا۔ جس کے بعد دس ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل قصبے کے مکانات بھی متاثر ہوئے ہیں۔

ایران کے نیم سرکاری خبررساں ادارے اسنا کے مطابق صوبائی ہنگامی خدمات ادارے کے سربراہ جلال پرانفرد نے 18 زخمیوں کو طبی مراکز میں پہنچائے جانے کی تصدیق کی ہے۔

بڑی فالٹ لائن پر واقع ہونے کی وجہ سے ایران تقریبا روزانہ ہی زلزلوں کا شکار رہتا ہے۔ گزشتہ برس نومبر میں 7.2 شدت کے زلزلے نے جنوبی ایران کو ہدف بنایا تھا۔ اس دوران 600 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔ 2003 میں تاریخی شہر بام زلزلہ کا نشانہ بنا تھا جس سے 26 ہزار افراد موت کا شکار ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں