گھسیٹنے کا اعلان کرنے والے آج ایک دوسرے کے مہمان بن گئے، شبلی فراز


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کو گھسیٹنے کا اعلان کرنے والے آج ایک دوسرے کے مہمان بن گئے ہیں۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کی روح کو تکلیف پہنچ رہی ہو گی کیونکہ ان کے فلسفے اور نظریات کے بد ترین مخالف آج ان کے گھر براجمان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کا ایجنڈا اپنی ذات سے شروع ہو کر اپنی ذات پر ہی ختم ہو جاتا ہے جبکہ ان کے پاس عوام کے لیے کچھ نہیں ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ یہ ان کی اصلیت ہے کہ یہ عوام کے سامنے کچھ اور پیٹھ پیچھے کچھ  اور ہوتے ہیں۔ جب بھی کرپشن، دو نمبری کا نام آئے گا تو سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں: گڑھی خدا بخش میں جلسہ، رہنماؤں اور کارکنان کی آمد جاری

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو گھسیٹنے کا اعلان کرنے والے آج ایک دوسرے کے مہمان بن گئے ہیں۔ مریم نواز کا لاڑکانہ جانا اوپر سے لڑائی اور اندر سے بہن بھائی کی حقیقت کا ثبوت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کا تابعدار اور چوروں لٹیروں کے لیے تھانیدار ہے۔ ہارس ٹریڈنگ، چھانگا مانگا، بریف کیس کا نام آئے گا تو نواز شریف کا نام آئے گا۔


متعلقہ خبریں