صاف پانی کرپشن کیس میں ملوث اہم ملزم گرفتار


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے صاف پانی کرپشن کیس میں ملوث ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ خالد ندیم بخاری کو گرفتار کر لیا۔

خالد ندیم بخاری پر صاف پانی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی کرپشن میں معاونت کا الزام ہے۔

نیب کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ نے دیگر ملزمان کے ساتھ  مل کر بہاولپور میں 116 فلٹریشن پلانٹس انتہائی مہنگے داموں لگائے جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔

ملزم پر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے لیے دیے گئے ٹینڈر میں اصل قیمت سے 40 فیصد زیادہ رقوم کے بل پاس کرانے کا الزام بھی ہے۔

فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے حوالے سے تمام منصوبہ بندی جعلی کاغذات کا سہارا لے کر کی گئی تھی۔

17 اپریل کو اسکینڈل میں ملوث چار دیگر ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔

دوران تفتیش ملزمان سے ڈپٹی سیکرٹری خالد ندیم کے خلاف اہم شواہد حاصل ہوئے تھے۔

ملزم خالد ندیم کو دیگر چار ملزمان کے ہمراہ احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے پانچوں ملزمان کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں