لانگ مارچ اور جلسوں سے حکومت نہیں جائے گی،شاہ محمود

جہانگیر ترین مجھ سے زیادہ عمران خان کے مزاج کو سمجھتے ہیں، شاہ محمود

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ  وزیراعظم پی ڈی ایم کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں؟ وہ 31 جنوری کو مستعفی نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے احتجاج، لانگ مارچ اور جلسوں سے حکومت کہیں نہیں جائے گی۔ 31جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہو گا جو 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن کا ہوا۔

شاہ محمود نے کہا 31دسمبرکو ان کے استعفے آنے تھے۔ پی ڈی ایم والے 31 جنوری کا انتظار کیوں کرتے ہیں جو فیصلہ کرنا ہے کرلیں۔

وزیرخارجہ نے کہا پی ڈی ایم، کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالنے جا رہی ہے۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ انہیں اس کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ دراصل اپوزیشن عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے حوالے سے ہمارا موقف واضح اور دو ٹوک ہے۔ مولانا اجمل قادری کا بیان تہلکہ خیز اور وضاحت طلب ہے۔ بتانا ہوگا کہ مولانا اجمل قادری کس ایجنڈے پر اور کیا پیغام لیکر اسرائیل گئے؟

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق ہم پر کسی قسم کا کوئی دباؤنہیں۔

پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب نے نیامے ڈیکلریشن میں کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا۔

انہوں نے بتایا خبر سامنے آ رہی ہے کہ سعودی عرب کا بڑا وفد جلد پاکستان آ رہا ہے۔ وفد میں سعودی وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات شامل ہوں گی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت دہشت گردوں کی تربیت اور کالعدم تنظیموں کی معاونت کر رہا ہے۔ وہ فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے۔ بھارت پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کر رہا ہے۔


متعلقہ خبریں