اہم اجلاس: پیپلز پارٹی کے بیشتر ارکان کی استعفوں کی مخالفت

سی ای سے اجلاس: پیپلز پارٹی کے بیشتر ارکان کی استعفوں کی مخالفت

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شریک بیشتر ارکان نے اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کی مخالفت کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت بلاول ہاؤس کراچی میں ہوا۔

اجلاس میں شریک بیشتر ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ پیپلز پارٹی کسی کی ڈکٹیشن پر نہیں چل سکتی ہے۔ اجلاس کے شرکا نے کہا کہ وہ لانگ مارچ کیلئے تیار ہیں۔

اجلاس میں سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو زرادری سمیت پارٹی کے سینئر ارکان شریک ہوئے۔ اجلاس میں حکومت کے خلاف تحریک کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

مزید پڑھیں: عمران خان نے 31 جنوری تک  استعفیٰ نہیں دیا تو لانگ مارچ ہو گا، بلاول

ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ سے استعفے  دیے جانے کے معاملے پر بھی غور کیاگیا۔

اجلاس کے بعد سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی  نے کہا کہ اجلاس کے اہم فیصلوں کے حوالے سے کچھ دیر بعد میڈیا بریفنگ دی جائے گی۔

خیال رہے کہ اسے سے قبل چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے 31 جنوری تک  استعفیٰ نہیں دیا تو لانگ مارچ ہو گا، ہم اسلام آباد کا رخ کریں گے اور بھرپور تحریک چلائیں گے۔

سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 13 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کارکنان کٹھ پتلی وزیراعظم کو کرسی سے گھیسٹنے کیلئے تیاری کریں، ملک کو نااہل اور نالائق کی تباہ کاریوں سے بچانا ہے۔

بلاول نے کہا تھا کہ  یہ وہ جمہوریت نہیں جس کے لیے بینظیر بھٹو نے اپنی جان دی، جہاں پرامن احتجاج اور بولنے کی آزادی نہ ہو میں اس کو جمہوریت نہیں مان سکتا۔

 


متعلقہ خبریں