کراچی: محمود آباد آتشزدگی، جاں بحق افراد کی تعداد چار ہو گئی

کراچی: محمود آباد آتشزدگی، جاں بحق افراد کی تعداد چار ہو گئی

کراچی: کشمیر کالونی میں آتشزدگی کے باعث جھلس کر زخمی ہونے والے خاندان کے سربراہ فیاض کا بھی دوران علاج انتقال ہو گیا ہے جس کے بعد افسوسناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں والد کے علاوہ تین کمسن بہن بھائی بھی شامل ہیں۔

کراچی: گھر میں آتشزدگی سے 3 افراد جاں بحق 

ہم نیوز کے مطابق محمود آباد کے علاقے کشمیر کالونی کے ایک گھر میں آتشزدگی کا افسوسناک سانحہ علی الصبح پیش آیا تھا۔

آتشزدگی کی وجہ سے سات افراد پر مشتمل پورا خاندان بہت بری طرح جھلس گیا تھا۔ زخمیوں کو فوری طور پرطبی امداد کے لیے سول اسپتال کے برنس وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔

آتشزدگی کی اطلاع پر علاقہ پولیس اور امدادی اداروں کے رضاکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے۔ علاقہ پولیس کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں تین کمسن بہن بھائی جھلس کر جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ ماں، باپ اوردو بیٹیاں شدید زخمی ہوئی تھیں۔

ہم نیوز کے مطابق صبح جاں بحق بچوں میں چھ سالہ حمزہ فیاض ، پانچ سالہ ثانیہ اورایک سالہ عمیمہ شامل تھیں۔ جائے حادثہ سے امدادی اداروں کے رضاکاروں نے فوری طور پرطبی امداد کے لیے والد فیاض، والدہ سعیدہ، سات سالہ بیٹی سلمیٰ اور دو سالہ منشا کو اسپتال منتقل کردیا تھا۔

کراچی میں آتشزدگی کے واقعات کیوں بڑھ رہے ہیں؟

برنس وارڈ سول اسپتال میں داخل کیے جانے والے زخمی افراد کو ڈاکٹروں کی جانب سے طبی امداد فراہم کی جارہی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق سانحہ کی اطلاع ملتے ہی سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی جائے وقوع پر پہنچے اور انہوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی نے اس موقع پر ہم نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حتمی طور پراس وقت کہنا مشکل ہے کہ حادثہ کیونکر پیش آیا ہے؟

فشریز کے پی ٹی بوٹ بلڈنگ یارڈ میں آتشزدگی، کروڑوں روپے کا نقصان

انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ گیس کی وجہ سے یہ ہوا ہو کیونکہ کراچی میں گیس کا ایشو تو ہے جب کہ ممکنات میں شامل ہے کہ متاثرہ خاندان گیس سیلنڈر استعمال کررہا ہو۔

ہم نیوز کو متاثرہ خاندان کے محلہ داروں نے اس وقت بتایا تھا کہ فائر بریگیڈ کا عملہ تاخیر سے پہنچا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا۔

ہم نیوز سے بات چیت میں ایک پڑوسی کا کہنا تھا کہ یہاں گیس کا مسئلہ ہے اور لوگ اکثر گیس کو کھلا چھوڑ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی منطق وہ یہ بتاتے ہیں کہ جب گیس آئے گی تو معلوم ہو جائے گا۔

کراچی: گھر میں آتشزدگی سے دو بچیاں جاں بحق

آتشزدگی سے متاثرہ خاندان دو منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور میں رہائش پذیر تھا۔ علاقہ پولیس کے مطابق فوری طور پرحادثے کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا ہے لیکن تحقیقات شروع کردی ہیں جلد حقائق سامنے آجائیں گے۔


متعلقہ خبریں