ہم نے استعفے نہیں دیے، ن لیگی ارکان قومی اسمبلی

ن لیگی ارکان قومی اسمبلی کا استعفوں کی تصدیق سے انکار

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والے دو ارکان قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد نے استعفوں کی تصدیق سے انکار کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں ن لیگی ارکان نے اپنا جواب سیکریٹری قومی اسمبلی کے دفتر میں جمع  کرایا ہے۔ ارکان نے اسپیکر اسد قیصر سے ٹیلفونک رابطہ بھی کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جواب مرتضی جاوید عباسی نے خود جمع کرایا۔ دونوں اراکین نے اسپیکر قومی اسمبلی کو جواب جمع کرانے سے متعلق آگاہ کیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 7 روز میں جواب جمع نہ کرانے کی صورت میں استعفے منظور ہونے کا کہا تھا۔

مزید پرھیں: واضح طور پر کہہ رہے ہیں وزیراعظم مستعفی نہیں ہوں گے، شاہ محمود

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ دونوں ن لیگی ارکان اسمبلی نے آج سیکریٹری اسمبلی سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے انکار کیا اور بتایا ہے کہ یہ استعفے ہمارے نہیں ہیں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں ن لیگی ارکان نے بتایا ہے کہ یہ استعفے جعلی ہیں۔
کل دونوں ارکان اسمبلی کے استعفوں سے متعلق رائے دوں گا۔

صحافی کے سوال پر کہ کیا ارکان اسمبلی کے استعفوں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائیگا، اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ کل معاملے پر قانونی پہلو کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔

ایک اور سوال پر کہ اگر مزید استعفے آتے ہیں تو کیا کارروائی کی جائے گی، اسد قیصر نے کہا کہ قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں