سید علی گیلانی کے بیٹے کی والد کی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل

سید علی گیلانی کے بیٹے کی والد کی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل

بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے بیٹے نے اپنے والد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کردی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی کے بیٹے ڈاکٹر نسیم گیلانی نے کہا ہے کہ ان کے والد کی صحت مستحکم ہے اور ان کے انتقال سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواؤں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی کو اتوار کی شام چھ بجے پیٹ میں درد، ڈی ہائیڈریشن اور بدن میں سستی و کمزوری کی شکایت کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

میڈیا روپرٹس کے مطابق سید علی گیلانی کو فوری طور پر سرینگر میں شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں داخل کرایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال 14 اگست کو حکومت پاکستان نے حریت رہنما سید علی گیلانی کو ملک کا سب سے بڑا سول ایوارڈ’نشان پاکستان‘ دیا تھا۔

سول ایوارڈ کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی تھی جس میں صدرمملکت عارف علوی نےحریت رہنما سید علی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازا تھا۔

سید علی گیلانی کو آزادی کی جدوجہد پر سب سے بڑے سول اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ سید علی گیلانی کیلئے نشان پاکستان کا اعزاز حریت رہنماوَں نے وصول کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:یوم آزادی کے موقع پر سول ایوارڈز کا اعلان

خیال رہے کہ سید علی گیلانی مقبوضہ کشمیر پر 72 سال سے جاری بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کی توانا آواز ہیں۔ بزرگ کشمیری رہنما 2004 میں حریت کانفرنس کے میرواعظ گروپ سے بھارتی قیادت سے مذاکرات کے معاملے پر الگ ہو گئے تھے۔ جس کے بعد انہوں نے تحریک حریت جموں و کشمیر کے نام سے الگ جماعت بنائی تھی۔

جولائی 2016 میں جواں سال کشمیری رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد حریت کانفرنس گیلانی اور میرواعظ گروپس سمیت یاسین ملک کی جے کے ایل ایف نے ‘جوائنٹ ریززسٹنس لیڈرشپ’ کے نام سے اتحاد قائم کیا تھا۔ اس اتحاد کا مقصد بھارتی قبضے کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنا تھا۔

اوریئنٹل کالج پنجاب یونیورسٹی کے گریجویٹ بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کا آغاز جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے کیا تھا۔ انہوں نے ’اقبال روح دین کا شناسا‘ نامی کتاب بھی تحریر کی۔


متعلقہ خبریں