گرمی اور لوڈ شیڈنگ کا دہرا عذاب جاری ، عوام بلبلا اٹھے


اسلام آباد: ملک بھرمیں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بجلی کا بحران بھی شدید ہو گیا ہے۔

منگل کو بجلی کی طلب میں اضافے کے بعد این ٹی ڈی سی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی تھی جبکہ چشمہ میں واقع چاروں پاور پلانٹس بند ہوگئے تھے۔

ذرائع کے مطابق چشمہ تھری کے نیو کلیر پاور پلانٹ نے کام شروع  کردیا ہے اور ٹرپ کرنے والے پلانٹس چشمہ ون، ٹو اورفور پرکام جاری ہے۔

واپڈا حکام  کا کہنا ہے کہ بجلی کی رسد اور طلب میں فرق کی وجہ سے لوڈ منیجمنٹ پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔

اس وقت ملک میں بجلی کا شارٹ فال تین ہزارمیگا واٹ سے زائد ہو چکا ہے۔ بجلی کی طلب 18 ہزار 432 میگا واٹ جبکہ پیداوار 15  ہزار 400 میگاواٹ ہے۔

ترجمان توانائی ڈویژن کے مطابق لائن لاسز والے فیڈرز پر تین سے چار گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔

کے الیکٹرک نے شب برات پربجلی کی مسلسل فراہمی کا اعلان کیا تھا مگراس پرعمل نہیں ہوسکا اورکراچی کے شہری اب بھی مسلسل کئی گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے گزر رہے ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ علاقائی فالٹس کو لوڈ شیڈنگ کا تاثردینا درست نہیں، گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی ٹرانسمیشن لائنز میں مسائل پیدا ہوتے رہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں