رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

رکن قومی اسمبلی علی وزیر سینٹرل جیل کراچی سے رہا

فائل فوٹو


کراچی: کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فاٹا سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی علی وزیر سمیت دیگر ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں  پیشی کے دوران تفتیشی افسر نے ایم این اے علی وزیر کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی۔

رکن قومی اسمبلی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 14 روز کے ریمانڈ میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ مزید ریمانڈ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کے ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور علی وزیر سمیت دیگر ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔عدالت نے تفتیشی افسر سے مقدمے کا چالان طلب کرلیا۔

خیال رہے کہ رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے خلاف کراچی میں ملک مخالف تقریر کا مقدمہ سہراب گوٹھ تھانے میں درج ہے۔

خیال رہے کہ 16 دسمبر کو رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر کو پشاور پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

پشاور پولیس حکام کا کہنا تھا علی وزیر کو سندھ پولیس کی درخواست پر گرفتار کیا گیا ہے۔ جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی کو بعد میں کراچی منتقل کردیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے  ممبر قومی اسمبلی وزیر کی نااہلی کی درخواست خارج کر دی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا تھا۔ شہری عبدالولی کی درخواست میں پشون تحفظ موومنٹ پر پابندی کی بھی استدعا کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: ’پی ٹی ایم پر واضح کردیا ملک و فوج کیخلاف نعرے قانون کی خلاف ورزی ہے‘

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے تھے کہ اگر کسی پر کوئی الزام ہے تو اسکا طریقہ کار موجود ہے۔ جج نے استفسار کیا کہ صرف یہ بتائیں درخواست گزار کہاں متاثرہ ہے؟

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا تھا کہ ان کا موکل اس ملک کا باعزت شہری ہونے کی وجہ سے متاثرہ ہے۔

ہائی کورٹ کے سربراہ نے ریمارکس دیے تھے کہ یہاں پہلے ہی بہت سے کیسز زیر التوا ہیں، ہر فرد جو ملک میں رہ رہا ہے وہ اس ریاست کے ساتھ مخلص ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ پی ٹی ایم اور ان کے رہنما علی وزیر ریاست اور اداروں کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، علی وزیر کو ریاست مخالف اور غیر آئینی تقریروں پر آرٹیکل 62، 63 کے تحت نااہل کیا جائے


متعلقہ خبریں