اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے سے زائد اضافہ کر دیا


اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹر اتھارٹی (اوگرا) نے یکم جنوری 2021 سے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن  کے مطابق یکم جنوری سے ایل پی جی کی قیمت میں 15.88 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈرکی قیمت میں 187.47 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد 11.8 کلوگرام  گھریلو سلنڈرکی قیمت 1740.69 روپے ہو گئی ہے۔

اوگرا کی جانب سے  کمرشل سیلنڈر کی قیمت میں 692روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب  سال نو کے آغاز پر وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 31 پیسے کا اضافہ کردیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فی لیٹر پیٹرول کی نئی قیمت 106 روپے مقرر کردی گئی ہے جبکہ فی لیٹر ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 24 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

مزید پڑھیں: حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

خیال رہے کہ گزشتہ روز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی تھی۔

اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافے کی سمری بھجوائی تھی۔ اوگرا نے ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 37 پیسے اضافہ کی سمری بجھوائی تھی تاہم  پیٹرولیم ڈویژن نے دونوں تجاویز مسترد کردیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اوگرا کی تجویز جزوی طور پر مسترد کردی ہے۔


متعلقہ خبریں