نیوایئرنائٹ پر100سے زائد قانون شکن نوجوان گرفتار

نیوایئرنائٹ پر100سے زائد قانون شکن نوجوان گرفتار

فائل فوٹو


لاہور/کراچی: پولیس نےنیو ایئرنائٹ کے موقع پر قانون شکنی کرنے والے126 ملزمان کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا ہے جن میں کثیر تعداد نوجوانوں کی ہے۔

سی سی پی او لاہور عمر شیخ کے مطابق نیو ائیر نائٹ پر ون ویلنگ کرنے پر 36 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 36 موٹرسائیکلوں کو قبضہ میں لے لیا گیا۔

ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے نقص امن کا باعث بننے پر 32 مقدمات درج کئے گئے جن میں 34 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔

سی سی پی او لاہور کے مطابق ملزمان سے 28 پسٹل، 02 جدید گن، 02 رائفل، گولیاں اور شیل برآمد ہوئیں۔ فائر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 20 مقدمات میں 30 ملزمان کو دھر لیا گیاجبکہ شراب نوشی پر 24 مقدمات درج کئے گئے۔

شراب نوشی کرنے والے ملزمان سے 192 لیٹر شراب اور 200 کین برآمد ہوئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان کے مطابق سال نو کی پہلی رات کوئی بھی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

نئے سال کی آمد پر کراچی میں بھی قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئی ہیں۔  لاہور کے تھانہ شمالی چھاؤنی کی حدود میں شہری سے اسلحہ برآمد ہونے پر مقدمہ درج ہوا۔

کراچی کے سولجر بازارسے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔  پی آئی بی کالونی اور گلشن معمار سے نوجوان گرفتار ہوئے ہیں۔

سی ویو اور رضویہ کے علاقے میں ہوائی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی بھی ہوگیا ہے۔ کراچی میں ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات میں لڑکی سمیت کئی افراد زخمی ہوگئے۔

کراچی کے تھانہ ڈیفنس میں ون ویلنگ کیخلاف مقدمہ درج ہوا اور پولیس نے8منچلوں کو حوالات میں بند کر دیا ہے۔

فیصل آباد کے علاقے کوہ نور میں بھی کئی نوجوان احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر دھر لیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں