پی ڈی ایم کسی ایجنڈے پر متفق نہ ہوسکی، فردوس عاشق اعوان

عوام کو معلوم ہے عمران خان قوم کے مسیحا ہیں، فردوس عاشق اعوان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) والے ہر اجتماع میں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں، لاہور میں 6 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود پی ڈی ایم کسی ایجنڈے پر متفق نہیں ہوسکی۔

اپنے ایک بیان میں معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ 2020 کا سورج پی ڈی ایم رہنماوَں کے استعفوں کی راہ تکتے غروب ہوگیا۔ پی ڈی ایم کرپشن میں لتھڑی اپنی قیادت کو بچانے کے ایجنڈے پر کار بند ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا گٹھ جوڑ ملکی مفاد میں نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے گرد گھومتا ہے۔ وقت نے پاکستان تحریک انصاف کے بیانیے کو درست ثابت کردیا۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ راتوں کو چھپ چھپ کر ملاقاتیں کرنے والے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں۔

دوسری جانب  اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ  کے جاتی امرا میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کی نا اہلی کیلئے پٹیشن دائر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم نے ملک بھر میں مظاہروں کیلئےتاریخوں کی منظوری دے دی

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اپوزیشن اتحاد کا اجلاس ختم ہوگیا ہے۔ اجلاس میں سینیٹ اور ضمنی انتخابات کا حصہ بننے یا بائیکاٹ کی پالیسی اپنانے سے متعلق مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس  میں لانگ مارچ اور استعفوں کی حکمت عملی پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کےلیے پٹیشن دائر کرنے کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ تھا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان صادق اور امین نہیں ہیں اور ان کیخلاف پٹیشن دائر کرنی چاہیے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے مشورہ دیا ہے کہ پی ڈی ایم مشترکہ طور پر اسلام آباد ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ میں اس حوالے سے پٹیشن دائر کرے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے عمران خان کی نا اہلی کی پٹیشن کا معاملہ اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ پی ڈی ایم اجلاس میں مستقبل کے حوالے سے بڑے فیصلے متوقع ہیں۔

سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک  ہیں۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رہنما ناصرشاہ  نے کہا تھا کہ دھند کی وجہ سے کراچی سے لاہور کا فلائٹ شیڈول متاثر ہے اس لئے بلاول بھٹو پی ڈی ایم اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔

پیپلز پارٹی کی دیگر قیادت اجلاس میں شرکت کررہی ہے اور پارٹی کے سی ای سی فیصلوں سے متعلق پی ڈی ایم کے شرکا کو اعتماد میں لے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم نے ملک بھر میں مظاہروں کیلئےتاریخوں کی منظوری دے دی

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے آج کے اجلاس میں حکومت مخالف لانگ مارچ اور دیگر فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس میں سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ بھی متوقع ہے۔

اطلاعات ہیں سینیٹ اور ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ استعفوں کیلئے مناسب وقت کی طے کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

گزشتہ روز پی ڈی ایم نے دوسرے مرحلہ کے تحت ملک بھر میں مظاہروں کیلئے تاریخوں کی منظوری دے دی تھی۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے زیر اہتمام 3 جنوری کو بہاولپور میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ بہاولپور مظاہرے کی کی قیادت مولانا فضل الرحمان، مریم نواز اور یوسف رضا گیلانی کریں گے۔


متعلقہ خبریں