پی ڈی ایم نے اپنی شکست تسلیم کر لی، شیخ رشید احمد


راولپنڈی: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اپنی شکست تسلیم کر لی اور پیپلز پارٹی جیت گئی ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم ضمنی انتخابات میں حصہ لے گی انہوں نے اپنے ادوار میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو ختم نہیں کیا اور اب وہ ختم نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جس دن پی ڈی ایم لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے اسی دن ہم بھی اپنا قانونی حق جائیں گے۔ فوج کے خلاف بات کرنے والوں پر 72 گھنٹے میں پرچہ درج کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پاسپورٹ کی 16 فروری کو میعاد ختم ہونے پر توسیع نہیں ہو گی۔ پی ڈی ایم والے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں جبکہ قومی اداروں کے خلاف جو بات کرے گا اس کے خلاف مقدمہ درج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن کریں تو ہمارے خلاف بھی نیب ایکشن لے۔ عمران خان حکومت چھوڑ سکتا ہے لیکن این آر او کے آگے سرینڈر نہیں کرے گا اور نہ ہی وزیر اعظم استعفیٰ دیں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پی ڈی ایم لانگ مارچ ضرور کرے پیر سے ہم بھی استقبالی تیاریاں کر رہے ہیں اور اچھی بات ہے اگر انتخابات کی بات کی گئی ہے کیونکہ میدان خالی نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے سیاسی ستارے گردش میں ہیں انہیں اسلام اور اسلام آباد کا احترام ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔ بلاول بھٹو کے ہاتھ کی گھڑی، چھڑی اور فیصلوں کا اختیار آصف زرداری کے پاس ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیصلہ کن لانگ مارچ کے بعد استعفوں کا فیصلہ ہو گا، رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے پاس مہاجرین کا مکمل ڈیٹا موجود ہے اور 2 لاکھ جعلی افغانیوں کے کارڈ ز کو بند بھی کردیا گیا ہے۔ مہاجرین میں غیر قانونی طور پر مقیم لوگ بھی شامل ہیں جس پر غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رجسٹرڈ 15 لاکھ افغان مہاجرین کو رہنے کی اجازت ہے جبکہ چین اور افغانستان کا مینوئل ویزا ختم کر دیا ہے۔ ایک دن میں ویزے کے لیے 2 لاکھ آن لائن درخواستیں آئیں۔


متعلقہ خبریں