پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کی خاطر تواضع کریں گے، غلام سرور


راولپنڈی: وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لانگ مارچ کی خاطر تواضع کریں گے۔

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر قسم کے انتخابات میں حصہ لے گی جبکہ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کا استقبال ہو گا اور خاطر تواضع بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیانیے کو لندن میں دفن کرنا چاہتے ہیں۔ اب سیاسی استحکام ہو گا اور کوئی دھرنا نہیں ہو گا۔ میرا دل گواہی دے رہا ہے کہ یہ بہتری کا سال ہو گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم بلدیاتی انتخابات میں بھی حصہ لےگی جبکہ لوگ نواز شریف کے بیانیے سے اختلاف کرتے ہیں۔ اگر پی ڈی ایم ضمنی اورسینیٹ انتخابات لڑتی ہے توان کا مثبت چہرہ سامنے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں ایک پیج پر نہیں ہیں تاہم مسلم لیگ ن کا بڑا دھڑا بھی استعفیٰ نہیں دے گا۔ محب وطن مسلم لیگی بھی اختلاف کرتے ہیں جبکہ حکومت نے این آر او کے علاوہ قومی نوعیت کے مسائل پر بات چیت کی دعوت دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: پولیس فائرنگ سے مبینہ طور پر طالبعلم جاں بحق، 5 اہلکار گرفتار

غلام سرور خان نے کہا کہ قومی مسائل پر بات چیت ہونی چاہیے جبکہ پی ڈی ایم کے استعفوں والی سیاست دفن ہو جائے گی۔ وزیر اعظم نے مذاکرات کی دعوت دی ہے لیکن یہ بھی واضح کیا ہے کہ این آر او پر بات نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے کہنے پر کوئی ن لیگی استعفیٰ نہیں دے گا۔ اس وقت ن لیگ میں واضح دراڑ اور گروپ بندی موجود ہے۔ جو پالیسی جمعیت علمائے ہند کی ہے وہی مولانا فضل الرحمان کی جمعیت کی ہو گی اور خدا کی شان کہ پی ڈی ایم سربراہ کی جماعت خود ان کے ساتھ نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں