جعلی حکومت سے ہم مذاکرات نہیں کر سکتے، مولانا فضل الرحمان


لاہور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جعلی حکومت سے ہم مذاکرات نہیں کر سکتے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 21 جنوری کو ہم کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالیں گے اور 31 جنوری تک استعفوں کے لیے مہلت دے رہے ہیں استعفوں کے بعد لانگ مارچ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب اعتماد کے ساتھ مل کر چل رہے ہیں اور سب جماعتیں اکٹھی ہیں۔ نیب ادارہ نہیں انتقامی ادارہ ہے جبکہ جعلی حکومت سے ہم مذاکرات نہیں کرسکتے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غداری کا مقدمہ اگر کریں گے تو 72 گھنٹوں میں آپ کی حکومت نہیں رہے گی۔ اب ہمیں کٹھ پتلی کے پشت پناہی کرنے والوں کو بھی عوام کے سامنے لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آخر کب تک ایسا چلے گا کہ ہم پر ایک کٹھ پتلی لا کر بٹھا دیا جائے اور ہم اس کو ہی نشانہ بناتے رہیں۔ یہ ہمارے لیے باعث شرم ہے کہ ہیلری ڈیپ اسٹیٹ کی بات کریں اور مثال پاکستان کی پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم نے اپنی شکست تسلیم کر لی، شیخ رشید احمد

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ میری جماعت میں ٹوٹ پھوٹ نہیں بلکہ کانٹھ چھانٹ کا عمل شروع ہوا ہے۔ امید ہے تحفظ فراہم کرنے والے قانون کا احترام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی منائیں گے اور ہم کشمیرفروشوں کے خلاف آواز بھی اٹھائیں گے۔


متعلقہ خبریں