تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے سے متعلق تجویز سامنے آگئی

پنجاب کے 7 شہروں میں 5 دن کلاسز بحال نہ کرنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل

کراچی:  وفاقی حکومت کے تحت ملک بھر کے تعلیمی ادارے مرحلہ وار تین حصوں میں کھولنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک بھرمیں تعلیمی ادارے مرحلہ وار 25 جنوری سے کھولنے کی تجویز پرفیصلہ پیر کو ہوگا

اس بار پہلے مرحلے میں ملک بھر کے پرائمری اسکولز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس تجویز پر کوئی بھی فیصلہ پیر 4 جنوری کو ہونے والی بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ( انٹر پرووینشل ایجوکیشن منسٹرز کانفرنس) کیا جائے گا

اجلاس وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہوگا اور چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم اس کانفرنس میں شریک ہونگے۔

ذرائع کے مطابق ملک بھر کے چاروں صوبوں میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ ہیلتھ ایڈوائزری کی بنیاد پر کوویڈ کیسز کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

کانفرنس کو تجویز دی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں ملک بھر کے سرکاری و نجی پرائمری اسکولز 25 جنوری 2021 سے کھول دیے جائیں۔ دوسرے کے مرحلے میں 4 فروری سے مڈل اور سیکنڈری اسکولز کھول دیے جائیں۔

مزید پڑھیں: 4 جنوری کو تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلہ کریں گے، شفقت محمود

کانفرنس کو تجویز دی گئی ہے کہ  تیسرے مرحلے میں ہائر سیکنڈری اور اس کے مساوی تعلیمی ادارے کھولے جائیں۔

ذرائع کے مطابق اگر کوویڈ کی صورتحال بدستور خراب رہی تو 19 جنوری کو دوبارہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس بلاکر اس پر غور اور رد بدل کیا جاسکتا ہے۔

کانفرنس کے ایجنڈے کے مطابق ملک بھر میں اسکولز اور بورڈز کی سطح پر امتحانات مئی کے آخری یا پھر جون کے اوائل سے شروع کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل اکیڈمک کورس ورک کی تکمیل کرلی جائے گی۔  گرمیوں کی تعطیلات کا دورانیہ کم کیا جائے گا اور نیا تعلیمی سال 2021 اگست سے شروع کیا جائے گا

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث تقریبا اڑھائی ماہ تک کھلے رہنے کے بعد ملک بھر کے تعلیمی ادارے 26 نومبر2020 سے دوبارہ بند کیے گئے  تھے۔ تعلیمی اداروں کو 10 جنوری تک بند رکھنے کے بعد 11 جنوری سے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز