پنجاب پبلک سروس کمیشن کے پیپرز لیک کرنے کے الزام میں 4 ملزمان گرفتار


لاہور: محکمہ اینٹی کرپشن نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے پیپرز لیک کرنیوالے مبینہ چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق گرفتار ملزموں میں ایک صوبائی پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی( کا ملازم ہے۔ ملزمان نے لاکھوں روپے کے عوض مختلف پیپرز لیک کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق پنجاب پبلک سروس کمیشن کے پیپرز لیک کرنے میں ڈیٹا انٹری آپریٹر ملوث نکلا ہے۔ اینٹی کرپشن ٹیم خفیہ آپریشن کے ذریعے مرکزی ملزم وقار اکرم تک پہنچی اور تحصیلدار کا پیپر خریدنے کیلیے 8 لاکھ میں ڈیل طے کی۔ پیپر دینے کےلیے ملزم پہنچا تو اسے تین ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

مزید پڑھیں: جنوبی پنجاب کیلئے الگ پبلک سروس کمیشن بنانے کا فیصلہ

ڈائریکٹر ویجیلینس اینٹی کرپشن عبدالسلام عارف کا کہنا ہے کہ یہ پورا گینگ ہے اور انہوں نے اب تک چار سے پانچ پیپر لیک کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ پیپر خریدنے والوں سمیت اس دھندے میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ڈائریکٹر ویجیلینس اینٹی کرپشن عبدالسلام عارف کا کہنا ہے کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے اعلیٰ عہدیدار بھی اگر ملوث ہوئے تو ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔

محکمہ اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر عبدالسلام عارف کے مطابق گرفتار ملزم غضنفر نے 20 سے زائد افراد کو پیپر بیچنے کا اعتراف کیا ہے.


متعلقہ خبریں