شہر قائد کی رونقوں میں اضافہ کرنے کیلئے میری گولڈ فیسٹیول کی تیاریاں شروع

شہر قائد کی رونقوں میں اضافہ کرنے کیلئے میری گولڈ فیسٹیول کی تیاریاں شروع

کراچی: سرد موسم میں کھلے گیندے کے پھول ماحول کو رنگین اور خوبصورت بنا دیتے ہیں۔ سال نو پر شہر قائد کو نا صرف پھولوں سے سجانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں بلکہ شہر میں موسمی درختوں کی افزائش اور ماحول سازگار بنانے کی حکمت عملی بھی ترتیب دی گئی ہے۔

روشنیوں کا شہر کراچی صرف رات میں نہیں جگمگاتا  بلکہ دن کی روشنی میں بھی سڑکوں گہما گہمی اس کے زندہ و جاوید ہونے کی دلیل ہے۔ شہر کی رونقوں میں اضافہ کرنے کے لیے میری گولڈ فیسٹیول کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

شہر کے پارکس، شاہراہوں اور اہم عمارتوں کو گیندے کے نارنجی اور پیلے پھولوں سے سجانے کا آغاز فریئر ہال کراچی سے کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر نے کراچی کے شہریوں کو بھی میری گولڈ فیسٹیول میں حصہ لینے کی دعوت دی ہے۔

مزید پڑھیں: بارہویں لاہور انٹرنیشنل چلڈرن فلم فیسٹیول کا آغاز

ڈائریکٹر جنرل پارکس کے ایم سی طٰحہ سلیم کے مطابق پچھلے ہفتے اس مہم کا افتتاح کیا گیا جس میں تمام تعلیمی اداروں اور این جی اوز کو دعوت دی گئی ہے اور اس بات پر زور دیا گیا کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے اردگرد میری گولڈ لگائیں۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ماتحت 40 پارکس میں عوام الناس کے لیے واش رومز بنانے کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔ بانس کی مدد سے سستے واش رومز کی تیاری کا پائلٹ پراجیکٹ بھی فریئر ہال کراچی میں جاری ہے۔ اس کام کے لیے مکلی سے ماہر کاریگر کو بلایا گیا ہے، جو نہ صرف 25 سے 30 ہزار روپے میں یہ بیت الخلا تیار کررہا ہے بلکہ کے ایم سی ملازمین کو اس کی ٹریننگ بھی فراہم کررہا ہے۔

پارکس کے کچرے سے فائدہ کیسے اٹھایا جائے اس حوالے سے بھی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ فریئر ہال کے احاطے میں دو بڑے گڑھے کھودے گئے ہیں۔ اس طرح کچرے کو ڈمپنگ سائٹ پر لے جانے کے بجائے پارک میں دفن کردینے سے سال کے اختتام میں کھاد سے بھی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

میری گولڈ فیسٹیول کا آغاز 22 جنوری سے کراچی کے فریئر ہال میں کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں