پاکستان کا منفرد ٹرک آرٹ زمین سے فضاؤں میں پہنچ گیا


کراچی: پاکستان کا منفرد ٹرک آرٹ اب زمین سے فضاؤں میں پہنچ گیا ہے۔ کراچی کی فلائنگ کمپنی نے اپنے طیارے کو ٹرک آرٹ سے آراستہ کرلیا ہے۔

تنکوں میں’جان‘ ڈالنے والا آرٹسٹ

ہم نیوز کے مطابق سڑکوں پر دوڑتے ٹرکوں اور مشہور ڈبلیو گیارہ بسوں کے بعد ملک کا عالمی شہرت یافتہ ٹرک آرٹ کا کینوس اب آسمان کی بلندیوں کو چھونے والے طیارے بھی بن گئے ہیں۔ خوبصور ت گل بوٹے اور نقش و نگارپر مبنی ٹرک آرٹ کی شہرت ملکی سرحدوں سے نکل کر بہت پہلے مغربی ممالک تک جا پہنچی تھی لیکن اب فضاؤں کو ٹرک آرٹ سے مزین کرنے کا بھی اہتمام ہو گیا ہے۔

ہم نیوز کو اسکائی ونگ کے چیف آپریٹنگ آفیسر عمران اسلم خان نے بتایا کہ ہم نے چھوٹے سیسنا طیارے پر لکھ دیا ہے کہ بڑا ہو کر ایئر بس بنوں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنے طیارے پر اپنے صوبوں کی چاروں زبانیں لکھی ہیں۔

عمران اسلم خان کا کہنا ہے کہ جا تیرا رب رکھا، ڈبیلو الیون سے ہم نے اس کو ریپک کردیا ہے کیونکہ اگرآپ ورلڈ وائڈ دیکھیں تو بہت سارے ٹرک آرٹ جو ہوئے ہیں جیسا کہ آسٹریلیا، امریکہ اور برطانیہ میں تو وہ اسی تھیم کے ساتھ چل رہے ہیں کہ ڈبیلو الیون۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم نے جو کلرفل تھیم جودیا ہے وہ یہ جوچیز ہے کہ پاکستان کی مختلف ثقافتوں کی عکاسی کرتا ہے۔

ہم نیوز کو انہوں نے بتایا کہ اس آرٹ میں پرندوں کی بھی عکاسی کی گئی ہے اور یہ صرف فن کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دیکھنے میں ڈولی اور اڑنے میں گولی، ہوتا کیا ہے کہ یہ آپ کے چہرے پر مسکراہٹ لے آتا ہے اور ہم یہی چاہتے ہیں۔

غربت سے تنگ آرٹسٹ نے ویلڈنگ کا کام شروع کر دیا

امریکہ، کینیڈا ، جرمنی، انگلینڈ ، آسٹریلیا اور انڈیا میں پاکستان کے ٹرک آرٹ کو متعارف کر وا نے کے بعد اب حسین و دلکش خوبصورت آرٹ کو طیارے کے کینوس پر اتارنے والے حیدر علی کہتے ہیں کہ دنیا ہمارے اس آرٹ کی معترف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اب ٹرک آرٹ فضاوں میں اڑتا دکھائی دے گا۔

ہم نیوز سے بات چیت میں حیدرعلی ٹرک آرٹسٹ نے کہا کہ ہم نے ٹرک کی تھیم میں اس کو دیکھا ہے کہ یہ فضا میں کیسا لگے گا؟ ان کا کہنا ہے کہ تمام چیزوں کو مدنظررکھتے ہوئے اس کو پینٹ کیا ہے اور اس میں بڑا مزا بھی آیا ہے۔

حیدر علی کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ ایک جہاز پر پینٹ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پینٹ بالکل اسی طرح کیا ہے کہ جس طرح ایک ٹرک کو پینٹ کیا جاتا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی کی فلائنگ اکیڈمی نے اپنے سسینا طیارے کو معروف ٹرک آرٹ سے سجا کر فضاوں میں اڑتا حسین فن پارہ بنا دیا ہے۔ فلائنگ اکیڈمی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے خوبصورت فن کو دنیا کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔

اسکائی ونگ کے چیف آپریٹنگ آفیسر عمران اسلم خان کا کہنا ہے کہ آپ دیکھیں کہ ہمارا نام جب بھی آتا ہے تو کسی نہ کسی انداز میں منفی طورپرآتا ہے لیکن ہمیں بہت اچھے طریقے سے معلوم ہوگیا ہے کہ بہت سی جعلی نیوز ایجنسی اور ویب سائٹس کام کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کو یورپی یونین نے بے نقاب کیا ہے۔

ہم نیوز سے بات چیت میں عمران اسلم خان نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کا سافٹ امیج دنیا تک پہنچانا ہے اور ہم اپنے مقصد میں کامیاب رہے ہیں۔

بچوں میں مارشل آرٹس کا بڑھتا شوق

زمین کے بعد فضاوں کی خوبصورتی بڑھانے والے ٹرک آرٹ کا سفر یہیں رکنے والا نہیں ہے کیونکہ فلائنگ اکیڈمی پاکستا ن میں سیاحت کے فروغ اور ملک کے مثبت امیج کے لیے دیگر اچھوتے اور خوبصورت آئیڈیاز پر بھی کام کررہی ہے جن کے نتائج جلد ہی متوقع ہیں۔


متعلقہ خبریں