پنجاب کھڑا ہوگیا ہے، استعفے دیے تو حکومت کا کام تمام ہوجائیگا: مریم نواز


بہاولپور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم نے استعفے دیے تو حکومت کا کام تمام ہو جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق بہاولپور میں منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جاتی ہوں لوگ کہتے ہیں کہ مہنگائی نے بیڑا غرق کردیا ہے۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے انتہائی پرجوش انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب پنجاب کھڑا ہو گیا ہے اور اپنے حقوق لینے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے طعنہ دیا جاتا تھا کہ پنجاب ظلم کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: جعلی حکومت سے ہم مذاکرات نہیں کر سکتے، مولانا فضل الرحمان

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان حکم دیں تو عوام کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر کو اسلام آباد کی طرف موڑ دوں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر عوام کے اس سمندر کو اسلام آباد کی طرف موڑ دوں تو جعلی وزیراعظم کو چھپنے کی بھی جگہ نہیں ملے گی۔

پی ڈی ایم کی ریلی  کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف کی طرف سے آپ سب کو سلام پیش کرتی ہوں۔ بہاولپور والوں نے آج کمال کردیا،آپ لوگوں کی محبتوں کا شکریہ۔ نوازشریف کو ویڈیو کال کر کے یہاں کے مناظر دکھائے۔ نواز شریف آپ لوگوں سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ہاتھ اٹھا کر مجھے بتائیں، مہنگائی سے کون کون تنگ ہیں؟ لوگ بےروزگاری اور مہنگائی سےتنگ آچکے ہیں۔ جو آٹا نواز شریف دور میں 35 روپے کلو تھا آج 90 روپے کلو ہے۔ جوچینی نواز شریف دور میں 52 روپے کلو تھی، آج 120 روپے کلو ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں 25 فیصد بڑھادیں۔ لوگ روٹی کھائیں، بچوں کی فیسیں دیں یا گیس اور بجلی کے بل دیں۔ جعلی اور نالائق وزیراعظم کو گھر بھیجناچاہیے۔ اڑھائی سال بعد ہاتھ کھڑے کردیے کہ مجھے کام نہیں آتا۔ عوام جعلی حکومت کی نالائقی کی وجہ سے پس رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات میں متفقہ امیدوار بھی ہوسکتا ہے، مریم نواز

ن لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ پہلے پنجاب کو طعنہ دیا جاتا تھا کہ پنجاب ظلم کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا۔ دیگر صوبوں نے کہا جب تک پنجاب کھڑا نہیں ہوگا، تبدیلی نہیں آئے گی۔ اب پنجاب کھڑا ہوگیا ہے اور اپنے حقوق واپس لینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ سلیکٹڈ نےآپ کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا، پنجاب اپنے حقوق چھیننے کیلئے تیار ہے۔

مریم نواز نے ریلی کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کیا مہنگائی اور بےروزگاری میں اضافہ کرنے کو تبدیلی کہتے ہیں؟ کیا چینی120 روپے کلو کرنے کو تبدیلی کہتے ہیں؟ کیا آٹا اور چینی مافیا کو تبدیلی کہتے ہیں؟ کیا ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنےکو تبدیلی کہتے ہیں؟ کیا غریب کی جھونپڑی گرانے اور بنی گالہ محل کو ریگولرائز کرنے کو تبدیلی کہتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ کل اسلام آباد میں 22 سال کے نوجوان کو پولیس نے سامنے سے گولیاں ماریں۔ ہم نوجوان کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں جسے سڑک پر شہید کیا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ بلوچستا ن میں بے گناہ کان کنوں کو شہید کیا گیا۔ کیا اس بے حس حکومت کو تبدیلی کہتے ہیں؟ اربوں روپے کی بیرون ملک سے فنڈنگ ہوئی لیکن تحقیقات کو آگے بڑھنے نہیں دیتا۔ مالم جبہ کیس کھلنے نہیں دیتا اور کہتا ہے کہ میں کرپٹ نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایک اینٹ لگائے بغیر ملک کے قرضے دوگنے کردیے لیکن کہتے ہیں میں کرپٹ نہیں۔


متعلقہ خبریں