قومی ٹیم کو کیچز چھوڑنا مہنگا پڑ گیا، باؤلرمحمد عباس

کسی بھی ورلڈ کلاس بیٹسمین کا کیچ چھوڑتے ہیں تو وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھاتا ہے

فائل فوٹو


قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عباس نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں کیچز چھوڑنا ہمارے لیے مہنگا ثابت ہوا ہے۔

دوسرے دن کے کھیل کے اختتام کے بعد فاسٹ بولر محمد عباس کا کہنا تھا کہ کیچز کا ڈراپ ہونا ہمارے لیے بہت مہنگا ثابت ہوا،

انہوں نے کہا کین ولیمسن‏ ورلڈ کلاس بیٹسمین ہیں، کسی بھی ورلڈ کلاس بیٹسمین کا کیچ چھوڑتے ہیں تو وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھاتا ہے۔

میچ میں کیچز ڈراپ ہونے سے بہت مایوسی ہوتی ہے اور بطور باؤلر اگر وکٹ ملے اور نو بال ہو جائے تو بھی بہت مایوسی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کا دوسرا روز نیوزی لینڈ کے نام

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے سیشن میں بہت محنت کی اور اچھی پوزیشن میں رہے، دوسرا سیشن بھی ٹھیک رہا لیکن تیسرے سیشن میں ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محمدعباس نے کہا کل آتے ہی نیوزی لینڈ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کریں گے۔ پہلی کوشش یہی ہے کہ جلد از جلد نیوزی لینڈ کے بیٹسمینوں کو آؤٹ کریں، اوررنز روکنے کی بھی کوشش کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‏ پچ پہلے دن کی نسبت تھوڑی تبدیل ہوئی ہے،‏ ٹیسٹ میچ ہر چیز کا ٹیسٹ ہوتا ہے، اگر وکٹیں نہ ملیں تو رنز روکنے کی کوشش کرتا ہوں۔

دوسرے دن نیوزی لینڈ نے کھیل اختتام تک 3 وکٹ پر 286 رنز بنالیے ہیں۔ کپتان کین ولیمسن 112 اور ہینری نکولس 89 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان کرکٹ ٹیم297 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں کیوی ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہو گئی۔


متعلقہ خبریں