گرینڈ ڈائیلاگ عمران خان کے جانے کے بعد ہوں گے، احسن اقبال


 لاہور: رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا ہے کہ گرینڈ ڈائیلاگ عمران خان کے جانے کے بعد ہوں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 31 جنوری تک عمران خان مستعفی ہوں اس کے بعد ہی گرینڈ ڈائیلاگ ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کو نہیں معلوم ایشین ٹائیگر کیا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع وزیر اعظم اور ان کے درمیان کا معاملہ ہے۔ شیخ رشید کو ملکی سیکیورٹی پر توجہ دینی چاہیے لیکن وہ کہہ رہے ہیں دہشت گردی ہونے والی ہے قوم تیار رہے۔ شیخ رشید کس مرض کی دوا ہیں حکومت کا کام ہے دہشت گردی روکے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہماری معیشت کو تباہ کر دیا گیا ہے اور اب نااہل حکومت کو گھر بھیجنا 22 کروڑ عوام کی ضرورت ہے۔ بجلی کی قیمت میں اضافے سے لوگوں کی چیخیں نکل جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت لطیفہ حکومت بن چکی ہے اور اس نے لوگوں کو رلا دیا ہے۔ حکومت انتقامی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ شہباز شریف نے تمام اثاثے ظاہر کیے اور حکومت شہباز شریف پر ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت نہیں کرسکی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف پاسپورٹ بنوا کر کسی اور ملک جا سکتے ہیں، شہزاد اکبر

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) پر مقدمہ کون بنائے گا اور زرمبادلہ کا نقصان کون پورا کرے گا۔ نواز شریف کے اثاثوں کی کھوج لگانے میں 4 ارب روپے ڈوب گئے لیکن جتنی مالیت کے فلیٹ نہیں ہیں اس سے زیادہ رقم خرچ کردی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کان کنوں کو قتل کیا۔ حکومت ملک میں امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ پہلے ریلوے حادثے میں لوگ مرتے تھے اور اب دہشت گردی میں مر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں