حکومت نواز شریف کی لندن سے واپسی نہیں چاہتی، احسن اقبال


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت چاہتی ہے نواز شریف لندن سے واپس نہ آئیں۔

ہم نیوز کے پروگرام’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلے نواز شریف کو جانے کی اجازت دی اور پھر ڈھونگ رچایا۔

انہوں نے کہا کہ  وزرا کو سب سے زیادہ جلدی نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کی ہے۔ یہ نہیں چاہتے وہ سابق وزیراعظم اپنے ملک واپس آئیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ نیب لندن میں مقدمہ ہار گئی ہے۔ نواز شریف کے اثاثوں کی کھوج لگانے میں 4 ارب روپے ڈوب گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنی مالیت کے فلیٹ نہیں ہیں، جتنی رقم خرچ کر دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف پاسپورٹ بنوا کر کسی اور ملک جا سکتے ہیں، شہزاد اکبر

خیال رہے کہ  وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا 16 فروری کو سابق وزیراعظم نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ کر رہے ہیں۔

مشیرداخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نواز شریف  کے پاسپورٹ کی معیاد فروری کے دوسرے ہفتے میں ختم ہو رہی ہے اور تجدید کے لیے نوازشریف کو خود درخواست  دینی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی درخواست کے بعد ہی حکومت فیصلہ کرے گی تاہم خدشہ ہے کہ نواز شریف پاسپورٹ بنوا کر کسی اور ملک جا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں