دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جرائم پر خاموشی توڑے، شبلی فراز


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم پر خاموشی توڑے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ حق خودارادیت انسان کا بنیادی پیدائشی اور عالمی قانونی حق ہے اور انسانی عظمت و وقار کے تقاضوں کا ایک لازمی جزو ہے۔

انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کی نفی انسانی آزادی، قدروں اور اصولوں کا انکار ہے اور ہم کشمیری حریت پسندوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔


شبلی فراز نے کہا کہ آج کا دن اقوام متحدہ کو یاد دلاتا ہے کہ سیکورٹی کونسل کی 5 جنوری 1949 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے مستقبل کے لیے حق خودارادیت دینے کی قرارداد پر تاحال عمل نہیں ہوا جبکہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم پر خاموشی توڑے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کے سفیر بن کر مقدمہ لڑ رہے ہیں اور بھارت کا سیاہ چہرہ بے نقاب کرتے رہیں گے۔


متعلقہ خبریں