لندن: کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کے ذمہ دار اسکولز قرار


لندن: برطانیہ میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کا ذمہ دار اسکولوں کو قرار دے دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانوی محکمہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے بعد سے اسکولوں میں کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیلی اور اسکولوں کو تین گنا زیادہ کورونا وائرس پھیلنے کا ذمہ دار قرار دے دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سال 2020 کے آخری تین مہینوں کے دوران اسکولوں میں عالمی وبا کا پھیلاؤ سب سے تیز رہا جس کی شرح 26 فیصد تھی۔

ماہرین نے کہا ہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسکولوں کو بند کیا جانا چاہیے کیونکہ اسکولوں کو بند کیے بغیر کورونا وبا پر قابو پانا مشکل ہو گا۔

ایک بار پھر تیزی سے کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے باعث برطانوی وزیر اعظم نے آج سے تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: برطانیہ میں دوبارہ لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں برطانیہ کے تعلیمی اداروں میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیلی جس کی شرح 26 فیصد تھی تاہم جب کرسمس کے موقع پر تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تو یہ شرح گھٹ کر 10 فیصد پر آ گئی۔

برطانوی وزیر اعظم نے برطانیہ میں ایک بار پھر مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے اور شہریوں کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں انتہائی تیزی آ گئی ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روزانہ 50 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں