موجودہ حکومت میں کسی کو بھی حقوق نہیں مل رہے، بلاول


کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں کسی کوحقوق نہیں مل رہے ہیں۔

کراچی میں ماہی گیروں کے لیے ترقیاتی منصوے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں دیگرعلاقوں سے لوگ روزگار کیلئےآتے ہیں۔ کراچی پاکستان کی معیشت کو چلاتا ہے۔ وفاقی حکومت صوبوں کو حقوق نہیں دے رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی سے منتخب لوگ ہر بار حکومت کا حصہ رہے لیکن کراچی کو حقوق نہیں دلاسکے۔ کراچی کیلئےجب بھی حقوق کا مطالبہ کیا گی اتو ہمارا مذاق اڑایا گیا۔ اپنے وسائل سے کراچی کیلئے سرمایہ کاری لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کر رہے ہیں، اسد عمر

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں ہماراحق نہیں دیا جارہا،کراچی چلے گا تو پورا پاکستان چلے گا۔ مسائل کے باوجود عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ آج ہم نے ماہی گیروں کے اسکوائر کا افتتاح کیا۔ سندھ محصولات اکھٹا کرنے میں دیگر صوبوں سے آگے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے مطابق کراچی کی ترقی کے لیے 10 بلین ڈالرز کی ضرورت ہے۔ ورلڈ بینک کا موقف وفاق کو بتائیں تو کہتے ہیں پیسے نہیں  ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کورنگی اور ملیر کے لوگوں کیلئے جو کام کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ کیا وزیراعظم نے کراچی والوں سے کیے گئے وعدے پورے کیے؟

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم کراچی میں پیدا ہوئے یہی رہتے ہیں اور شہر کو اون کرتے ہیں۔ ہم سے جو ہوسکا ہم نے کراچی کیلئے کیا۔ ایم کیو ایم رہنما میرے پیدا ہونے سے پہلے کراچی سے منتخب ہوتے رہے ہیں۔ لیکن افسوس ،کراچی سے منتخب ہونے لوگ شہر کو اپناحصہ نہیں دلاسکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مردم شماری کے معاملے پر سب سے پہلے ہم نے اعتراض کیا۔ اگر مردم شماری صحیح نہیں ہوگی تو لوگوں کو ان کے حقوق نہیں ملیں گے۔
مردم شماری کے معاملے پر دیگراسٹیک ہولڈرز سے بھی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کا حکومت کے ساتھ رہنا سمجھ سے باہر ہے۔ نہیں معلوم ان کی کیا مجبوری ہے۔ جب بھی آئی لینڈ پر قبضے کی کوشش ہوئی، پیپلز پارٹی نے اس ایشو کو اٹھایا ہے۔ پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ آئی لینڈ یہاں کے مقامی لوگوں کے ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جب تک ماہی گیروں کو مطمئن نہیں کریں گے آپ کواینٹ نہیں رکھنے دیں گے۔


متعلقہ خبریں