پاکستان جنوبی افریقہ سیریز: قومی کھلاڑیوں کیلئے کورونا پروٹوکولز طے

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقہ سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے کورونا پروٹوکولز طے کر لیے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق  سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی متعدد مرتبہ کورونا ٹیسٹنگ کی جائے گی.

پی سی بی کے مطابق قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی پہلی کورونا ٹیسٹنگ 13جنوری کو ان کے گھروں میں کی جائے گی۔ دوسری کورونا ٹیسٹنگ بھی گھروں میں ہی کی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق قومی اسکواڈ جوائن کرنے والوں کی ہوٹل پہنچنے پر تیسری کورونا ٹیسٹنگ 19 جنوری کو ہوگی۔

پی سی بی کے مطابق تمام کھلاڑی اور ارکان کی مانیٹرنگ کا سلسلہ نیوزی لینڈ سے واپسی کی پرواز میں بیٹھتے ہی شروع ہوجائے گا۔

پی سی بی کے مطابق جنوبی افریقہ سیریز کیلئے سلیکشن کمیٹی کا اجلاس جنوری کے دوسرے ہفتے میں ہوگا۔  چیف سلیکٹر محمد وسیم اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں 6 ایسوسی ایشن کے کوچز بھی شریک ہوں گے۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر ٹیسٹ میچز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستانی امپائرز اور میچ آفیشلز ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی کورونا پروٹوکول پالیسی برقرار ہے اور جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر غیر ملکی آفیشلز نہیں آئیں گے

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ  دونوں ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹوئنٹی کیلئے پاکستانی امپائرز اور میچ ریفری تعینات کرے گا۔ پاکستان جنوبی افریقہ سیریز بائیو سکیور ماحول میں کھیلی جائے گی۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی۔

مزید پڑھیں: قومی اسکواڈ کورونا کیسز کے باوجود دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے پر رضامند

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دوطرفہ سیریز میں دو  ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کراچی اور راولپنڈی کے سپرد جبکہ تین ٹی ٹونٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ 4 تا 8 فروری کو دوسرا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں ہوگا۔ 11 فروری سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق 13 فروری کو دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ  14 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں