مری میں شدید برفباری: گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں


اسلام آباد: ملک کے  پہاڑی علاقوں میں  برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ملکہ کوہسار مری میں شدید برفباری سے ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ہم نیوز کے مطابق مری میں سنی بینک سے کلڈنہ تک سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں جس کے سبب 3 گھنٹے سے برف میں پھنسے سیاحوں کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ برف باری میں پھنسے ہوئے سیاحوں نے متعلقہ حکام سے سڑک کلیئر کرانے کی اپیل کردی ہے۔

برف باری کے بعد گلیات اور مانسہرہ کے پہاڑ بھی برف سے ڈھک گئے ہیں۔ مانسہرہ میں برفباری کے بعد شدید سردی کا راج ہے، برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں نے شوگران، کونش ویلی اور سرن ویلی میں ڈھیرے ڈال دیے ہیں۔ فیملیز برفباری کے خوبصورت اور دلکش نظاروں سے خوب لطف اندوز ہورہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق گلیات میں آج تیسرے روز بھی  بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ایبٹ آباد، ایوبیہ، چھانگلہ گلی، نتھیا گلی، اور ٹھنڈیانی میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید پڑھیں: ایبٹ آباد اور گلیات میں برفباری، سیاحوں کیلئے خصوصی ہدایات جاری

شدید برفباری کی وجہ سے ایبٹ آباد کو مری سے ملانے والی شاہراہ مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔ ملحقہ گاؤں کا رابطہ بھی گلیات سے ٹوٹ گیا ہے، حکام کی جانب سے برف ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔

خیبر پختونخواہ میں لوئر دیر کے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

آزاد کشمیر کی وادی لیپہ میں مسلسل تین دن سے مسلسل برف باری ہورہی ہے۔ برف باری سے آزاد کشمیر کے علاقے حویلی اور کہوٹہ میں تمام زمینی راستے بند ہوگئے ہیں۔ شدید برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے بتھواڑگلی اور شیر گلی روڈ  ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ہے۔

گلگت بلتسان کے ضلع استور اور ضلع شگر میں بھی لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ پہاڑوں کی وادی بلتستان میں برف باری نے موسم مزید سرد کر دیا ہے۔ برف باری کے باعث اسلام آباد اورا سکردو کے مابین ہونے والی فضائی سروس بھی معطل ہوگئی ہے۔


متعلقہ خبریں