وزیراعظم کا فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اکتوبر 2018 سے پہلے فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اصلاحات فاٹا کے عوام کی ضرورت ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اور ادارے فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنے پر متفق ہیں۔

وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کو آگاہ کیا کہ فاٹا سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں اور جلد تمام پارلیمانی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھا دیا گیا ہے جبکہ آئندہ دس سال میں فاٹا کو ایک ہزارارب روپے دیے جائیں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے فاٹا میں امن و امان کی صورت حال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتوں کو متحد ہوکر فاٹا اصلاحات کو مکمل کرنا چاہیے۔

فاٹا میں اصلاحات

نیشنل ایکشن پلان کے تحت 2016 میں فاٹا کو مرکزی قومی دھارے میں لانے کا فیصلہ ہوا اور سرتاج عزیز کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی جس نے فاٹا اصلاحات کی سفارشات تیار کیں ۔

وفاقی کابینہ نے ان سفارشات کی روشنی میں فاٹا کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنانے اور قبائلی قانون ایف سی آر کے خاتمے کی منظوری دی تھی تاہم سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پرآئینی اصلاحات اب تک پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکیں۔

فاٹا میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات اور فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی بھی سفارش کی گئی تھی۔

فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد کے لیے رواں سال جنوری میں مختلف جماعتوں کا گرینڈ جرگہ ہوا جس میں عمائدین نے وفاقی حکومت سے فاٹا کو فوری طور پر خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں