کراچی: سانحہ مچھ کے خلاف9مقامات پر دھرنا، اہم شاہراہیں بلاک

کراچی میں سانحہ مچھ کے خلاف9مقامات پر دھرنا، اہم شاہراہیں بلاک

فوٹو: ہم نیوز


کراچی: مچھ میں کان کنوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف مختلف مقامات پر دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

شارع فیصل پر کالونی گیٹ، ملیر 15 کے قریب دھرنا جاری ہے جس کے باعث ڈرگ روڈ تا ملیر دونوں ٹریک پر ٹریفک معطل ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ماڈل کالونی سے قائد آباد جانے والی ٹریفک کو کالا بورڈ کی طرف موڑا گیا ہے اور قائد آباد سے آنے والی ٹریفک کو الفلاح برج سے اندرونی سڑک کی طرف موڑا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ مچھ: کوئٹہ، کراچی میں احتجاج اور دھرنا

ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی پر بھی دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے کیپری سنیما سے گرومندر جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے اور شہری کوریڈور تھری اور سولجربازار کاروٹ استعمال کریں۔

یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک کے قریب اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی عباس ٹاؤن کے قریب دھرنا دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے سہراب گوٹھ سے ٹریفک کو راشد منہاس روڈ کی طرف موڑا گیا ہے۔

مسکن چورنگی سے سہراب گوٹھ کی ٹریفک کو پیراڈائز بیکری کی طرف موڑا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب بھی دھرنا جاری ہے۔

سانحہ مچھ کے خلاف ہزارہ قبیلے کا کوئٹہ میں دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا ہے اور حکومتی مذاکرتی ٹیم کی دھرنا ختم کروانے کی ایک اور کوشش بھی ناکام ہو گئی۔

لاشیں سڑک پر رکھ کر دھرنے کا آج چوتھا روز ہے۔ متاثرین نے وزیراعظم کی آمد تک دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم کوئٹہ آئیں پھر مذاکرات ہوں گے۔


متعلقہ خبریں