پنجاب میں مداریوں کا ریچھ اور بندر تماشا ختم


لاہور: محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے صوبے بھر میں ریچھ اوربندر نجی تحویل میں رکھنے پرپابندی عائد کردی ہے۔

صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد پنجاب وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر میں ریچھ اور بندر نجی تحویل میں رکھنے کے لائسنس منسوخ کردیئے ہیں۔

ماضی میں ریچھ اور بندر نجی تحویل میں رکھنے کے لئے مستقل لائسنس جاری ہوتے تھے۔ محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق بندر اور ریچھ رکھنے کی ہرسال تجدید کروائی جاتی تھی۔

پاکستان میں کالے اوربھورے ریچھ کی نسل معدومی کاشکارہے جسکی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بندر اور ریچھ پالنے والوں کیخلاف مقدمات درج ہوں گے اور جانوروں کو محکمہ جنگلی حیات کے حوالے کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ محکمہ وائلڈ لائف نے بندروں اورریچھوں کا کھیل تماشا دکھانے والوں کے خلاف متعدد بار کریک ڈاؤن بھی کیا تھا۔ قبل ازیں پنجاب وائلڈلائف نے ریچھ اورکتے کی لڑائی پرپابندی لگائی تھی۔


متعلقہ خبریں