شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کا فرض ہے،بلاول بھٹو



کوئٹہ: چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کا فرض ہے۔ 

سانحہ مچھ کے شہدا کے لواحقین سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افسوس ہے کہ ہم ایسے ملک میں  رہ رہے ہیں جہاں شہیدوں کیلئے بھی احتجاج کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ مچھ: مریم نواز اور بلاول بھٹو کا شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ کا واقعہ بہت افسوسناک اورقابل مذمت ہے،ہم یہاں ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئٹہ آتے ہیں خوشی نہیں دکھ میں شریک ہوتےہیں، پاکستان میں سب کچھ مہنگا لیکن صرف خون سستا ہے۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ ہزارہ بھائیوں کا صرف ایک مطالبہ ہے کہ ہمیں جینےدو، میں بھی شہیدوں کے خاندان سےتعلق رکھتا ہوں،آپ کے دکھ کو سمجھ سکتا ہوں، آج تک ہم بھی اپنے شہیدوں کو انصاف نہیں دلا سکے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ کس قسم کا انصاف ہے کہ شناختی کارڈ دیکھ کر لوگوں کوقتل کر دیا جاتا ہے،ہزارہ  برادری کے لوگ محب وطن ہیں، پورا پاکستان ہزارہ بھائیوں کے ساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پرعمل کرنےکا کہا گیا تھا کہ دہشتگردی کاخاتمہ کریں گے، اگر آج بھی انتہا پسندی ہے تو مطلب ہے نیشنل ایکشن پلان پرعمل نہیں ہوا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ نہیں سننا چاہتے کہ بیرونی سازش ہے، ذوالفقار بھٹو اور بینظیر کیلئےانصاف کی بات نہیں کرتا، ان مزدوروں کوانصاف دو۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ مچھ: مذاکرات کے5دورناکام، متاثرین کا میتوں کے ہمراہ دھرنا جاری

قبل ازیں مسلم لیگ ن کی  نائب صدر مریم نواز اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرادری سانحہ مچھ کے لواحقین کے دھرنے میں پہنچے اور شہدا سے اظہار تعزیت کیا۔


متعلقہ خبریں