وزیراعظم کے دورہ کوئٹہ کی حتمی تاریخ کا فیصلہ نہ ہوسکا


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ کوئٹہ کی حتمی تاریخ کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔ 

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سینئر وفاقی وزرا اور پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھیں: سانحہ مچھ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے، مریم نواز 

ذرائع ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نےسانحہ مچھ پر بریفنگ دی اور سانحہ مچھ کے متاثرین کو حکومتی امداد دینے سے متعلق تجویز کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی قواعد کے مطابق سانحہ مچھ کے متاثرین کی مالی امداد کی جائے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس کے دوران مستقبل میں سانحہ مچھ جیسے واقعات کے تدارک کے لیے وزارت داخلہ کو ہدایت بھی جاری کی۔

اجلاس میں سیاسی صورتحال، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) تحریک اور سینیٹ الیکشن پر بھی گفتگو کی گئی۔ 

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ہزارہ برادری سے اظہار تعزیت کرنے کیلئے کوئٹہ جانےکا اصولی فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق دورے کا اعلان سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے قبل از وقت نہیں کیا جائےگا۔ دورے کا دن اور وقت خفیہ رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ متاثرین نے وزیراعظم کے آنے تک دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ شہدا کے لواحقین کے ساتھ مذاکرات کے پانچ دور ہوچکے ہیں جس میں حکومت کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ مچھ: مریم نواز اور بلاول بھٹو کا شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت

متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے آنے تک اپنا دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ گزشتہ روز وزیراعظم نے بھی درخواست کی تھی کہ میتوں کو دفنا دیں میں ہزارہ برادری سے ملنے ضرور آؤں گا۔


متعلقہ خبریں